Masarrat
Masarrat Urdu

وزیر اعظم کے جواب نہ دینے پر اپوزیشن نے راجیہ سبھا سے واک آؤٹ کیا

Thumb

نئی دہلی، 30 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں آپریشن سندور پر خصوصی بحث میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے جواب نہ دیے جانے پر کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن کے ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

آپریشن سندور پر تقریباً 16 گھنٹے کی بحث کے بعد جیسے ہی ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے وزیر داخلہ امت شاہ کا نام پکاراتو اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور احتجاج کرنے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بحث کا جواب دیں۔ اپوزیشن کے ارکان نے ایوان کے وسط میں جمع ہوکر ہنگامہ کیا۔
ڈپٹی چیئرمین نے ارکان کو اپنی نشستوں پر جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ یہ کابینہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کاج سے متعلق مشاورتی کمیٹی میں پہلے ہی طےپا چکا ہے کہ کوئی بھی وزیر بحث کا جواب دے سکتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ سبھی کو توقع تھی کہ 16 گھنٹے کی بحث کے بعد وزیر اعظم اپنے خیالات پیش کریں گے اور اپوزیشن کے سوالوں کا جواب دیں گے کیونکہ بہت سے سوالات ان سے جڑے ہوئے ہیں۔ اگر وہ یہاں ہونے کے باوجود ایوان میں نہیں آرہے ہیں تو یہ نامناسب ہے اور ایوان کی توہین ہے۔
مسٹر شاہ نے یہ بھی کہا کہ کام کاج سے متعلق مشاورتی کمیٹی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئی بھی وزیر بحث کا جواب دے گا۔ پھر اپوزیشن کو اس پر اعتراض کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسٹر کھڑگے کو بولنے نہیں دیتی اور وہ ہی یہ مدعا  اٹھا رہے ہیں۔ حکومت فیصلہ کرے گی کہ کون جواب دے گا۔ وزیر اعظم اپنے دفتر میں ہیں اور اگر وہ آئے تو اس سے اپوزیشن کو مزید تکلیف ہوگی۔
اس کے بعد بھی اپوزیشن ارکان اپنے مطالبے پر ڈٹے رہے اور وزیر داخلہ کے جواب کا سلسلہ جاری رہا تو انہوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نے منگل کو لوک سبھا میں آپریشن سندور پر بحث کا جواب دیا تھا۔ دونوں ایوانوں میں بحث وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے شروع کی تھی۔

Ads