Masarrat
Masarrat Urdu

امریکہ کا ہندوستان پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان

Thumb

واشنگٹن، 30 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) طویل عرصے سے جاری غیر یقینی صورتحال کو لگام دیتے ہوئے امریکہ نے آج ہندوستان پر 25 فی صد درآمداتی ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا اور روس سے فوجی سازوسامان اور تیل خریدنے پر جرمانہ عائد کرنے کی بھی وارننگ دی۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ یکم اگست سے ہندوستانی مصنوعات پر 25 فیصد درآمداتی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ ہندوستان کو "دوست" قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں دونوں ممالک کے مابین تجارت نسبتاً کم رہی۔ اس کا سبب ہندوستان کی طرف سے عائد زیادہ درآمداتی ڈیوٹی ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ درآمداتی ڈیوٹی لگانے والے ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ غیر مالیاتی رکاوٹیں ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہندوستان روس سے فوجی سازوسامان بڑی مقدار میں خریدتا ہے۔ ایسے وقت میں جب ہر کوئی چاہتا ہے کہ روس "یوکرین میں قتل و غارت" بند کرے، ہندوستان چین کے ساتھ ساتھ روس کا سب سے بڑا توانائی خریداربنا ہوا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ روس کے ساتھ اس طرح کی تجارت کرنا غلط ہے اور اعلان کیا کہ ہندوستان یکم اگست سے 25 فیصد درآمداتی ڈیوٹی ادا کرے گا، اس کے ساتھ روس کے ساتھ کاروبار کرنے پر جرمانہ بھی ادا کرے گا۔
امریکہ نے رواں سال اپریل میں ہندوستان پر 26 فیصد درآمدی ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم بعد میں ہندوستان سمیت تمام ممالک کے لیے درآمداتی ڈیوٹی کو روک دیا تھا۔ ہندوستان کے لیے اس کی تاریخ پہلے 9 جولائی مقرر کی گئی تھی۔
دریں اثناء، درآمداتی ڈیوٹی کا اعلان دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات کی وجہ سے التواء کا شکار ہوتا رہا۔
بعدازاں جب امریکہ نے جاپان اور یورپی یونین کے ساتھ معاہدے کے تحت  15 فیصد درآمداتی ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تو امید کی جا رہی تھی کہ ہندوستان کے لیے بھی یہ شرح 15 فیصد کے آس پاس رہے گی۔
امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کے مطابق سال 2024 میں امریکہ کے ساتھ ہندوستان کی تجارتی اشیاءکی تجارت 129.2 بلین امریکی ڈالر تھی۔ اس میں امریکہ نے ہندوستان کو 41.8 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کی جو کہ ایک سال پہلے کے مقابلے میں 3.4 فیصد زیادہ ہے۔ اس وقت ہندوستان سے درآمدات 4.5 فیصد بڑھ کر 87.4 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے نتیجے میں گزشتہ سال ہندوستان کے ساتھ امریکی تجارتی خسارہ 5.4 فیصد بڑھ کر 45.7 بلین ڈالر تک پہنچ گیا۔
مسٹر ٹرمپ نے ایک الگ پوسٹ میں اس کا تذکرہ کیا اور لکھا، "ہندوستان کے ساتھ ہمارا تجارتی خسارہ بہت زیادہ ہے۔"
ہندوستان پر درآمداتی ڈیوٹی اور جرمانے کا اعلان کرنے سے پانچ منٹ پہلے، انہوں نے لکھا، "یکم اگست کی آخری تاریخ کا مطلب ہے کہ یہ حتمی ہے اور اس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ امریکہ کے لیے یہ بڑا دن ہے۔"

Ads