Masarrat
Masarrat Urdu

بہار میں قانون و انتظام کا نظام ختم ہوگیا ہے: کھڑگے

Thumb

نئی دہلی، 08 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بہار کی نتیش حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نظم و نسق نام کی کوئی چیز نہیں رہ گئی ہے اور مجرموں کا حوصلہ اس قدر بلند  ہے کہ کھلے عام قتل  اور پولس اہلکاروں پر حملے ہو رہے ہیں۔

مسٹر کھڑگے نے آج کہا کہ جنتا دل یونائیٹیڈ اور بی جے پی کی حکومت میں بہار جرائم کی راجدھانی بن گیا ہے اور مجرموں کا حوصلہ بڑھ گیا ہے۔ بہار میں جرائم  کی وجہ سے وہاں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی ہے اور بہار کی حالت خراب ہورہی ہے، اس لیے وہاں اس بار بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔
انہوں نے کہا، "موقع پرست ڈبل انجن والی حکومت نے بہار میں قانون و انتظام کے نظام کو تباہ کر دیا ہے، پچھلے چھ ماہ میں آٹھ تاجروں کو قتل کیا گیا ہے اور پانچ پولس والوں کے ساتھ  مار پیٹ ہوئی ہے۔  ابھی کل ہی توہم پرستی کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کردیا گیا، یہاں تک کہ معصوم بچوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔ جے ڈی یو اور بی جے پی اتحاد نے بہار کو جرائم کی راجدھانی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔"
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت کے اپنے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ بہار میں غربت اپنے عروج پر ہے، سماجی و معاشی انصاف کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ قانون وانتظام کے ناکارہ نظام  کی وجہ سے سرمایہ کاری صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔  اسی لیے اس بار بہار  نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ بیمار نہیں رہے گا۔ بہار میں تبدیلی یقینی ہے اور  انڈیا الائنس یہ تبدیلی لائے گا۔

Ads