Masarrat
Masarrat Urdu

اقوام متحدہ کے نظام میں اصلاحات کی تکمیل نہ ہونے پر مودی کا اظہار مایوسی

Thumb

پورٹ آف اسپین، 04 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز اقوام متحدہ کے نظام میں انتہائی ضروری اصلاحات مکمل نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے پورٹ آف اسپین میں ٹرینیداد اور ٹوباگو کی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "جب اقوام متحدہ کے قیام پر 75 سال پورے ہوئے تو ترقی پذیر دنیا میں بڑی امید تھی کہ طویل عرصے سے زیر التواء اصلاحات کو عمل میں لایا جائے گا... ان کی آواز سنی جائے گی۔ لیکن یہ امید مایوسی میں بدل گئی۔"
مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پرانے ادارے امن اور ترقی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، تو جنوبی ممالک کا گروپ ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی نصف کرہ کے ممالک دنیا میں ایک نیا اور منصفانہ ورلڈ آرڈر دیکھنا چاہتے ہیں۔
مسٹر مودی ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے ریڈ ہاؤس کے نام سے مشہور  ٹرینیداد اور ٹوباگو کی پارلیمنٹ سے خطاب کیا۔  مسٹر مودی نے کہا کہ یہ تاریخی سرخ عمارت آزادی کی جدوجہد اور ٹرینیداد اور ٹوباگو کے لوگوں کی عزت اور قربانی کی گواہ رہی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور ٹرینیداد وٹوباگو دونوں استعمار کے شکنجے سے نکلے ہیں اور ہمت کی سیاہی اور جمہوریت کے قلم سے اپنی کہانی لکھ رہے ہیں۔ دونوں کو اپنی جمہوریت پر فخر ہے اور یہ جمہوریت جدید دنیا میں دونوں کے لیے طاقت کا ستون ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ ہندوستانیوں کے لیے جمہوریت صرف سیاسی طرز حکمرانی کا نمونہ نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے لیے زندگی گزارنے کا ایک طریقہ ہے، یہ ہماری ہزاروں سال کی عظیم وراثت ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ اس پارلیمنٹ میں کئی ایسے ساتھی ہیں جن کے آبا و اجداد بہار سے ہیں، بہار جو قدیم اضلاع یعنی قدیم جمہوریتوں کی سرزمین رہی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان خواتین کی قیادت میں ترقی کا نیا ماڈل تیار کر رہا ہے۔ جی 20 کی صدارت کے دوران ہندوستان نے اس ماڈل کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔

Ads