Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان نے دلائی لامہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا

Thumb

نئی دہلی، 4 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) تبت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ کے حالیہ بیان کے تناظر میں، ہندوستان نے جمعہ کو واضح کیا کہ وہ عقیدے اور مذہب کے عقائد اور طریقوں سے متعلق معاملات پر کوئی موقف یا تبصرہ نہیں کرتا ہے۔

دلائی لامہ کے ان کے جانشین سے متعلق بیان پر میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا، "ہم نے دلائی لامہ کے ادارے کے تسلسل کے بارے میں دلائی لامہ کے بیان سے متعلق رپورٹس دیکھی ہیں۔ حکومت ہند عقائد اور مذہب اور عمل سے متعلق معاملات پر کوئی موقف اختیار نہیں کرتی ہے اور نہ ہی بولتی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ ہندوستان میں سب کے لئے مذہب کی آزادی کو برقرار رکھا ہے اور ایسا کرتی رہے گی۔
قابل ذکر ہے کہ دلائی لامہ نے کہا تھا کہ ان کا دفتر ان کے جانشین کا فیصلہ کرے گا۔ چین نے اس پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ دلائی لامہ کا فیصلہ صرف چین ہی کرے گا۔
اس معاملے پر مرکزی وزیر کرن رجیجو کے تبصرہ پر چین کے اعتراض کے بعد حکومت کا یہ ردعمل سامنے آیا ہے۔
رجیجو کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے چین نے کہا تھا، "ہندوستان کو 14ویں دلائی لامہ کے چین مخالف علیحدگی پسند خیالات سے دور رہنا چاہیے اور زیزانگ (تبت) سے متعلق مسائل پر اپنے وعدوں کا احترام کرنا چاہیے۔"
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے کہا، "ہندوستان کو اپنے قول و فعل میں محتاط رہنا چاہیے، سنکیانگ سے متعلق معاملات پر چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرنا چاہیے، اور ایسے کام کرنے سے گریز کرنا چاہیے جس سے چین  ہندوستان تعلقات کی بہتری اور ترقی پر اثر پڑے"۔
رجیجو نے کہا تھا کہ دلائی لامہ کے جانشین کا انتخاب مکمل طور پر روحانی پیشوا کے ہاتھ میں ہونا چاہئے جو پوری دنیا میں ان کے پیروکاروں کے عقیدے کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، "میں دلائی لامہ کا عقیدت مند ہوں، دنیا میں جو کوئی بھی دلائی لامہ کی پیروی کرتا ہے، وہ چاہتا ہے کہ دلائی لامہ خود اپنے جانشین کا انتخاب کریں۔" انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، "تمام لوگ اور بدھ مت کے پیروکار سمجھتے ہیں کہ دلائی لامہ کو اپنا جانشین خود چننا چاہیے۔ ہمیں یا ہندوستانی حکومت کو اس پر بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔"
قابل ذکر ہے کہ مسٹر رجیجو دلائی لامہ کی 90 ویں سالگرہ کے پروگرام میں شرکت کے لئے حکومت کے نمائندے کے طور پر اتوار کو دھرم شالہ جائیں گے۔

Ads