تہران، 4 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے وینزویلا کے ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کے کہا کہ صہیونی حکومت دوبارہ کسی قسم کی غلطی کرے تو ایرانی مسلح افواج جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے وینزویلا کے ہم منصب ایوان خیل پینٹو سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج مکمل آمادگی کے ساتھ صہیونی حکومت ت اور اس کے پشت پناہوں کی کسی بھی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے نہ صرف دو طرفہ تعلقات بلکہ حالیہ صہیونی و امریکی جارحیت کے بعد مغربی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ عراقچی نے وینزویلا کی جانب سے اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی سخت مذمت کو سراہتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے بے مثال خطرہ بن چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ ایران کے خلاف اس کھلی جارحیت پر امریکہ اور اسرائیل کو جواب دہ بنائیں، کیونکہ یہ حملے ایران کی قومی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف سنگین اقدام ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے 12 روزہ دفاعی جنگ میں جس قوت و وحدت کا مظاہرہ کیا، وہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا پوری قوت سے جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
گفتگو کے دوران وینزویلا کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے صہیونی اور امریکی حملوں کی شدید مذمت کی اور رہبر معظم انقلاب، ایرانی حکومت اور عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔