Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان-گھانا نے دو طرفہ تعلقات کو جامع شراکت داری کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا: مودی

Thumb

اکرا/نئی دہلی، 3 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اکرا میں صدر جان ڈرامانی مہاما کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہندوستان اور گھانا نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو ایک جامع شراکت داری کی سطح تک  بڑھانے  کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف ایک شراکت دار ہے بلکہ گھانا کے قومی تعمیر کے سفر میں ایک ہم سفر بھی ہے۔

دو طرفہ بات چیت کے بعد اکرا کے جوبلی ہاؤس میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تین دہائیوں کے وقفے کے بعد کوئی ہندوستانی وزیر اعظم گھانا کا دورہ کر رہا ہے اور یہ ان کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ انہیں گھانا کے دورے کا موقع دیا گیا ہے۔

انہوں نے صدر مہاما کو دسمبر 2024 کے عام انتخابات میں ان کی کامیابی پر مبارکباد دی، جو دوسری مدت کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ  جیت  گھانا کے عوام کے ان کی قیادت اور وژن پر گہرے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔  مسٹر مودی نے  کہا، "صدر مہاما اور میں نے اپنی دو طرفہ شراکت داری کو 'جامع پارٹنرشپ' کی سطح تک بلند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  گھانا کے قومی تعمیر کے سفر میں ہندوستان نہ صرف  شراکت دار ہے بلکہ ایک ہم سفر بھی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شاندار جوبلی ہاؤس، فارن سروس انسٹی ٹیوٹ، کومینڈا شوگر فیکٹری، انڈیا-گھانا کوفی عنان آئی سی ٹی سنٹر اور ٹیما-پکاڈن ریلوے لائن دو طرفہ شراکت داری کی علامت ہیں۔ دو طرفہ تجارت 3  ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ ہندوستانی کمپنیوں نے تقریباً 900 منصوبوں میں لگ بھگ  2 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا، "آج، ہم نے اگلے پانچ برسوں میں اپنی باہمی تجارت کو دوگنا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن ٹیک کے شعبے میں ہندوستان گھانا کے ساتھ اپنے  یوپی آئی  ڈیجیٹل ادائیگیوں کے تجربے کو شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ترقیاتی شراکت داری دو طرفہ تعلقات کا ایک بنیادی ستون ہے، انہوں نے اقتصادی تنظیم نو کے لیے صدر مہاما کی کوششوں کے لیے ہندوستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ہندوستان نے گھانا کے لیے آئی ٹی ای سی اور آئی سی سی آر اسکالرشپس کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا، "نوجوانوں کے لیے پیشہ ورانہ تعلیم کو فروغ دینے کے لیے، ہم ایک ہنر مندی کی ترقی کا مرکز قائم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ ہمیں صدر مہاما کے 'فیڈ گھانا' زرعی پروگرام میں تعاون کرنے پر خوشی ہے۔ جن اوشدھی کیندروں کے ذریعے، ہندوستان  گھانا کے شہریوں کو سستی اور قابل اعتماد صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کی تجویز پیش کرتا ہے۔

مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے ویکسین کی تیاری میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دفاع اور سلامتی میں 'یکجہتی کے ذریعے سلامتی' کے منتر کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ فوجی تربیت، میری ٹائم سیکورٹی، دفاعی سپلائی اور سائبر سیکورٹی میں تعاون کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کمپنیاں اہم معدنیات کی تلاش اور کان کنی میں تعاون کریں گی۔ ہندوستان اور گھانا پہلے سے ہی بین الاقوامی سولر الائنس اور کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر جیسے پلیٹ فارمز میں تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھانا کی قابل تجدید توانائی کی کوششوں، خاص طور پر صاف کھانا پکانے والی گیس میں  حمایت کرنے کے لیے، ہم نے انہیں گلوبل بائیو فیولز الائنس میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا، "ہم دونوں  ہی گلوبل ساؤتھ کے ممبر ہیں اور اس کی ترجیحات کے لیے گہرا عزم رکھتے ہیں۔ ہم  ’وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ‘ میں گھانا کی مثبت شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہیں"۔
مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان کو فخر ہے کہ ہماری جی-20 صدارت کے دوران  افریقی یونین کو جی-20 میں  مستقل رکنیت دی گئی۔ دونوں فریقوں نے ساحل کے علاقے سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے کہا، "ہم مکمل طور پر متفق ہیں کہ دہشت گردی انسانیت کے لیے خطرہ ہے. ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر گھانا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی اصلاحات کے بارے میں بھی ہم ایک جیسے خیالات رکھتے ہیں۔ ہم نے مغربی ایشیا اور یورپ میں جاری تنازعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جنگ کا دور نہیں ہے۔ مسائل کو مذاکرات اور سفارت کاری سے حل کیا جائے۔ متحرک ہندوستانی برادری کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ہمارے لوگوں کے درمیان تعلقات میں ایک خاص کڑی ہیں۔ ہندوستانی اساتذہ، ڈاکٹر اور انجینئر ایک طویل عرصے سے گھانا میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے اس کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا، ’’میں کل ہندوستانی برادری سے ملاقات کا منتظر ہوں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا، "آپ ہندوستان کے عزیز دوست ہیں اور ہمارے ملک سے اچھی طرح واقف ہیں۔ میں آپ کو ہندوستان آنے کی دعوت دیتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ آپ ہمیں وہاں آپ کا استقبال کرنے کا موقع دیں گے۔"

اس سے پہلے اپنی تقریر میں، وزیر اعظم نے کہا، "ہندوستان-گھانا دوستی کے مرکز میں ہماری مشترکہ اقدار، جدوجہد اور ایک جامع مستقبل کے خواب ہیں۔ ہمارے ممالک کی آزادی کی جدوجہد نے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ آج بھی گھانا مغربی افریقہ میں ایک متحرک جمہوریت اور دوسرے ممالک کے لیے 'امید کی کرن' کے طور پر کھڑا ہے۔"
وزیراعظم نے پرتپاک استقبال پر گھانا کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ قابل ذکر  ہے کہ صدر مہاما وزیر اعظم مودی  کی آمد پر کوٹوکا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کرنے آئے تھے۔ ہوائی اڈے پرمسٹر مودی کا رسمی استقبال کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

Ads