تہران، یکم جولائی (مسرت ڈاٹ کام) مشتعل صہیونی مظاہرین نے فوجی اہلکاروں سے تصادم کے بعد اسرائیلی فوجی اڈے کو جلا ڈالا۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں یہودی آبادکاروں اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید تصادم کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
عبرانی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی آبادکاروں نے گزشتہ شب مغربی کنارے کے علاقے بیت ایل میں قائم اسرائیلی فوجی اڈے کو آگ لگا دی۔
رپورٹ کے مطابق، یہ اڈہ فلسطینی مزاحمتی کارروائیوں کو روکنے کے لیے استعمال ہوتا تھا اور اس کی تعمیر پر 30 لاکھ شیکل لاگت آئی تھی۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ہفتے اسرائیلی قابض فوج کی فائرنگ سے بیسان علاقے کا ایک صہیونی شہری زخمی ہو گیا تھا، جس کے بعد صہیونی آبادکاروں میں غصہ بھڑک اٹھا۔
مشتعل آبادکاروں نے نہ صرف فوجی اڈے کو نذر آتش کیا بلکہ صہیونی فوج اور پولیس اہلکاروں پر بھی حملے کیے اور ان کے سازوسامان کو نقصان پہنچایا۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو چینل کے مطابق، آگ لگنے کے نتیجے میں اہم تکنیکی نظام بھی تباہ ہوا، جو مرکزی کمان کے زیر استعمال تھا۔
ایک صہیونی سکیورٹی اہلکار نے اس واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اور سرخ لکیر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔