غزہ، یکم جولائی (مسرت ڈاٹ کام) غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ درندگی امریکی حمایت اور عرب ممالک کی خاموشی سے جاری ہے۔ پوری دنیا میں جانوروں کا بھی اس طرح قتل عام نہیں ہوتا جس طرح غزہ میں فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے اور یہ قتل عام کیمرہ کے سامنے کیا جارہا ہے اور پوری دنیا خاموش تماشائی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ کے نہتے شہریوں پر ظلم کا سلسلہ جاری ہے، صہیونی فورسز نے تازہ حملوں کے دوران گھروں، اسکولوں، ہسپتالوں اور امدادی کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں مزید 85 فلسطینی شہید ہو گئے۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں بڑے پیمانے پر بمباری کر کے 85 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، ان میں خوراک کے متلاشی شہری اور اسکولوں میں پناہ لینے والے خاندان شامل ہیں جبکہ ہسپتالوں میں حملوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔1
آج صہیونی فوج نے حملوں میں 62 افراد کو غزہ سٹی اور اس کے شمال میں نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی نیوی نے غزہ سٹی کی بندرگاہ پر بھی حملہ کیا، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تقریبا 21 افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے، جس میں سے اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
اسرائیلی فورسز نے شہر کے وسط میں قائم القصیٰ ہسپتال کے صحن کو بھی نشانہ بنایا، مذکورہ ہسپتال میں ہزاروں خاندان پناہ لیے ہوئے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے کے بعد ہسپتال میں افراتفری کا عالم ہے اور وہاں موجود افراد مزید حملوں سے بچنے کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں بھاگ رہے ہیں۔1
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے حملے سے قبل کوئی انتباہ جاری نہیں کیا جب کہ الاقصیٰ ہسپتال کو اس سے قبل بھی تقریبا 10 بار حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
غزہ کے حکومتی میڈیا آفس نے اسرائیل کے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی صحت کے نظام کے خلاف ایک منظم جرم قرار دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے الاقصیٰ شہداء ہسپتال کی دیواروں کے اندر بے گھر افراد کے خیمے کو نشانہ بنایا، جس سے کئی افراد زخمی ہوئے اور مالی نقصان بھی ہوا ساتھ ہی درجنوں مریضوں کی زندگیاں براہ راست خطرے میں آ گئی ہیں۔
اسرائیل گزشتہ 22 ماہ کے دوران غزہ میں متعدد بار ہسپتالوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنا چکا ہے، انسانی حقوق کے گروپوں اور اقوام متحدہ کے ماہرین کے مطابق اسرائیل صحت کے نظام کو منظم طریقے سے تباہ کر رہا ہے۔
غزہ پٹی کے جنوب میں بھی امدادی کیمپوں کے اطراف میں اسرائیلی فورسز نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، خوارک کے حصول کے لیے متلاشی شہریوں پر اسرائیلی حملوں میں 15 شہری شہید ہو گئے۔