اتوار کے روز ٹرمپ نے بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان پر جاری کرپشن مقدمات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "شدید مہم" قرار دیا، جو ان کے بقول مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ٹرمپ نے ہفتے کی شب اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر ایک بیان میں کہاکہ "یہ عدالتی تماشا ایران اور حماس کے ساتھ جاری مذاکرات کو متاثر کر سکتا ہے۔ نیتن یاھو فی الوقت حماس کے ساتھ ایک معاہدے پر گفت و شنید کر رہے ہیں جس میں قیدیوں کی واپسی شامل ہے"۔
ان بیانات سے ایک روز قبل تل ابیب میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر غزہ جنگ کے خاتمے اور باقی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نیتن یاھو کے خلاف عدالتی کارروائی ان "کامیابیوں" کو کمزور کر رہی ہے جو حالیہ ہفتوں میں ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکہ اور اسرائیل کی غیر معمولی کارروائیوں کے نتیجے میں حاصل ہوئیں۔