بلاوایو، 29 جون (مسرت ڈاٹ کام) شان ولیمز (137) کی سنچری اور کپتان کریگ ایروین (36) کی جدوجہد سے پر اننگز کی بدولت زمبابوے نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف 251 رن بنا کر فالو آن کو ٹال دیا۔ اسٹمپ کے وقت جنوبی افریقہ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 49 رن بنا لیے ہیں اور پہلی اننگز کی بنیاد پر اس کی سبقت 216 رن ہو گئی ہے۔
جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز نو وکٹ پر 418 رن بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والی زمبابوے کا آغاز اچھا نہ رہا اور جلد ہی ٹی کیٹانو (صفر) اور نک ویلچ (چار) کی وکٹیں گنوا دیں۔ بینیٹ کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم مشکل میں پڑ گئی تاہم تجربہ کار کھلاڑیوں سین ولیمز اور کریگ اروین نے اننگز کو سنبھالا۔ اس دوران اوپنر برائن بینیٹ کو میدان پر چوٹ لگ جانے کی وجہ سے بلاوایو ٹیسٹ سے باہر ہونا پڑا۔
اوپنر برائن بینیٹ نے آٹھویں اوور میں ریٹائرڈ ہرٹ ہونے سے قبل 28 گیندوں میں 19 رن بنائے۔ بینیٹ کو چھٹے اوور میں کوینا مفاکا کی گیند کو ہک کرنے کی کوشش میں معمولی چوٹ لگی اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔
اس کے بعد شان ولیمز اور کریگ ایروین نے اننگز کو سنبھالا اور لنچ تک ٹیم کا اسکور دو وکٹو پر 94 رن تک پہنچا دیا۔ لنچ کے بعد زمبابوے کی تیسری وکٹ کپتان کریگ ایروین (36) کی صورت میں گری۔ اس کے بعد زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقہ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے نہ ٹک سکا۔ ویسلے مادھویرے (15) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران شان ولیمز نے ایک اینڈ تھام کر اپنی سنچری مکمل کی۔ شان ولیمز نے 164 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے (136) رن کی اہم اننگز کھیلی۔ انہیں کیشو مہاراج نے آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو 67.4 اووروں میں 251 رن پر سمیٹ دیا۔ تاہم اس دوران زمبابوے نے فالو آن کو ٹال دیا۔ ونسنٹ ماسیکیسا (11) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے وین مولڈر نے چار وکٹ حاصل کیں۔ کوڈی یوسف اور کیشو مہاراج نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے اتری جنوبی افریقہ کی شروعات ایک بار پھر خراب رہی اور اس کی پہلی وکٹ ایک رن کے سکور پر گر گئی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے ویان مولڈر نے ٹونی ڈی جارج کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ پر 49 رن بنا لیے ہیں۔ ویان مولڈر (25 ناٹ آؤٹ) اور ٹونی ڈی جارج (22 ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود تھے۔ جنوبی افریقہ کی مجموعی سبقت 216 رن ہو گئی ہے۔ زمبابوے کی جانب سے ٹی چیونگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔