Masarrat
Masarrat Urdu

نتن یاہو پر مقدمہ جاری رہا تو اسرائیل کی فوجی امداد روک سکتے ہیں، ٹرمپ

  • 29 Jun 2025
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن، 29 جون (مسرت ڈاٹ کام) امریکی صدر نے اسرائیلی عدالتی نظام میں مداخلت کرتے ہوئے نتن یاہو کے خلاف جاری مقدمہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو کے خلاف جاری بدعنوانی کے مقدمے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے سیاسی تماشا قرار دیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ مقدمہ ختم نہ کیا گیا تو واشنگٹن اسرائیل کو دی جانے والی اربوں ڈالر کی فوجی امداد پر نظرثانی کرسکتا ہے۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ یہ مقدمہ فوری طور پر منسوخ کیا جانا چاہیے، یا پھر اس شخص کو معافی دی جائے جس نے اسرائیل کے لیے بہت کچھ کیا ہے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ یہ عدالتی کارروائی نتن یاہو کی ایران اور حماس کے ساتھ مذاکرات کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہی ہے، خاص طور پر اسرائیلی قیدیوں کی واپسی کے معاملے پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

اسرائیلی عدالت نے حال ہی میں نتن یاہو کی جانب سے مقدمے کی سماعت مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی، جس کے بعد ٹرمپ کا یہ بیان سامنے آیا۔

نتن یاہو پر تین مقدمات میں رشوت، دھوکہ دہی اور اعتماد شکنی کے الزامات ہیں، جن کی وہ تردید کرتے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مہنگے تحائف کے بدلے سیاسی رعایتیں دی تھیں۔

ٹرمپ کی اس مداخلت کو اسرائیل کے داخلی عدالتی نظام میں ایک غیرمعمولی اور متنازع قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف اسرائیلی سیاست بلکہ امریکہ-اسرائیل تعلقات پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔

Ads