تہران، 28 جون (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ سمیت کسی کو ایران کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم ایرانی قوم اپنی قسمت کا تعین کبھی کسی دوسرے کے ہاتھوں ہونے نہیں دیں گے۔
عراقچی نے ایرانی قوم کے صبر، تنوع اور ثقافتی گہرائی کو ایرانی قالینوں کی مثال دیتے ہوئے بیان کیا جنہیں گھنٹوں کی محنت اور صبر سے بنا جاتا ہے۔ لیکن منطق سادہ اور شفاف ہے۔ ہم اپنی اقدار کو پہچانتے ہیں، اپنی آزادی کی قدر کرتے ہیں، اور کسی کو بھی اپنے مستقبل پر فیصلہ تھوپنے کی اجازت نہیں دیتے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ایران کے ساتھ کسی قسم کی مفاہمت چاہتے ہیں تو انہیں رہبر معظم آیت اللہ العظمی خامنہای کے بارے میں غیرمہذب اور ناقابل قبول طرز گفتار ترک کرنا ہوگا تاکہ ان کے کروڑوں مخلص پیروکاروں کے جذبات مجروح نہ ہوں۔
عراقچی نے مزید کہا کہ ایرانی عوام، جنہوں نے پوری دنیا کو دکھایا کہ اسرائیل صرف اپنے بڑے بھائی کے سائے میں پناہ لے کر ایرانی میزائلوں سے بچ سکتا ہے، ایسے دھمکی آمیز بیانات یا توہینوں کو اہمیت نہیں دیتی۔ اگر یہ وہم و گمان جارحانہ غلطیوں کا باعث بنتے ہیں، تو ایران اپنی حقیقی طاقت کے مظاہرے میں ذرہ برابر ہچکچاہٹ نہیں کرے گا، اور اس سے دشمن کے سب اندازے خاک میں مل جائیں گے۔