استنبول، 28 جون (مسرت ڈاٹ کام) ترکی اور ایران کے درمیان فضائی سفر ایران-اسرائیل تنازعہ کی وجہ سے 15 دنوں تک معطل رہنے کے بعد کل جزوی طور پر بحال ہو گیا۔
ترکی کے ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے وزیر عبدالقادریرالوغلو نے بتایا کہ ایران کے مشرقی شہر مشہد سے استنبول کے لیے پروازیں 27 جون کو دوبارہ شروع ہو رہی ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا، " 15 دن کے وقفے کے بعد ترکی اور ایران کے درمیان فضائی سفر جزوی طور پر بحال ہوگیاہے۔"
مسٹر یرالوغلو نے مزید کہا کہ مغربی ایران میں واقع تہران اور تبریز کے شہروں میں فضائی حدود بند رہیں گی اور یہ پابندی 2 جولائی تک جاری رہے گی۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ ایران میں پھنسے ہوئے ترک طیاروں کو خصوصی پرمٹ کے تحت واپس جانے کی اجازت دینے کے لیے ایرانی حکام کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا، "ایران کے ساتھ پروازوں کو مکمل طور پر معمول پر لانے اور گراؤنڈ کیے گئے طیاروں کو جلد از جلد ترکی واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔"
انہوں نے پہلے کہا تھا کہ فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے ترکی کی فضائی کمپنی کے سات طیارے ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا نے اطلاع دی ہے کہ ایران نے اپنی فضائی حدود کو مکمل طور پر کھولنے کی کارروائی آج سہ پہر تک ملتوی کر دی ہے۔