Masarrat
Masarrat Urdu

انگلینڈ نے ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے دی شکست

Thumb

لیڈز، 24 جون (مسرت ڈاٹ کام) بین ڈکٹ (149) کی سنچری، جیک کراؤلی (65) اور جو روٹ (ناٹ آؤٹ 53) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن منگل کو ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

لنچ کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی انگلینڈ کو پہلا دھچکا اس وقت لگا جب پرسدھ کرشنا نے جیک کراؤلی (65) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے  پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اولی پوپ (آٹھ) کو بھی  پرسدھ کرشنا نے بولڈ کر کے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ اس کے بعد شاردول ٹھاکر نے بین ڈکٹ کو نتیش کمار ریڈی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو بڑی کامیابی دلائی۔ بین ڈکٹ نے 170 گیندوں پر 21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (149) رنز کی اننگز کھیلی۔ اسی اوور میں انہوں نے ہیری بروک (صفر) کو بھی آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ پرسدھ کرشنا، شاردول ٹھاکر (دو دو وکٹ) کے دھچکے کا سامنا کرتے ہوئے، انگلینڈ نے میدان گیلے ہونے کی وجہ سے کھیل روکے جانے کے وقت چائے تک چار وکٹوں پر 269 رنز بنا لیے تھے ۔ چائے کے وقت کے بعد رویندرا جڈیجہ نے انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس (33) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے جیمی اسمتھ نے جو روٹ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تحمل سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ انگلینڈ نے 82 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 373 رنز بنا کر پانچ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ جو روٹ (53) اور جیمی اسمتھ (44) ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی شکست کی وجہ خراب فیلڈنگ تھی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے کئی کیچ چھوڑے جس کی وجہ سے شکست ہوئی۔
ہندوستان کی جانب سے پرسدھ کرشنا اور شاردول ٹھاکر نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ رویندر جڈیجہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل  آج یہاں انگلینڈ نے صبح کے سیشن میں کل کے 21 رن کے اسکور سے آگے کھیل شروع کیا۔ جیک کرالی اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی گیندبازی حملے کا  مقابلہ کیا اور رنز بھی  جوڑے۔ لنچ تک انگلینڈ نے 30 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 117 رن بنا لیے اور ٹیم کے میچ جیتنے کی امید جگا دی۔
واضح رہے کہ ہندوستان  نے پہلی اننگز میں یشسوی جیسوال، کپتان شبھمن گل اور رشبھ پنت کی سنچریوں کی بدولت 471 رن کا اسکور بنایا تھا۔ اس کے بعد انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 465 رن بنائے تھے۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں 364 رن بنائے اور اسے پہلی اننگز میں 7 رن کی برتری حاصل تھی۔

Ads