Masarrat
Masarrat Urdu

ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے میں آئی اے ای اے بھی شریک، افزودگی جاری رہے گی، ایرانی جوہری ادارہ

Thumb

تہران، 22 جون (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی قومی جوہری ادارے نے کہا ہے کہ ملکی جوہری تنصیبات پر حملے میں امریکہ کے ساتھ عالمی جوہری ایجنسی بھی ہمراہ ہے تاہم حملوں سے یہ صنعت نہیں رکے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بعد ایرانی قومی اداره برائے جوہری توانائی نے بیان جاری کیا ہے۔

ادارے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دشمن صہیونی حکومت کے گذشتہ دنوں کے دوران جاری حملے کے تسلسل میں آج صبح نطنز، فردو اور اصفہان میں واقع جوہری تنصیبات پر دشمن نے حملہ کیا جو بین الاقوامی قوانین اور این پی ٹی معاہدے کی صریح خلاف ورزی ہے۔

بین الاقوامی قوانین کے منافی اس اقدام کو جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کی بے رخی بلکہ ہمراہی حاصل ہے۔ امریکہ نے سوشل میڈیا پر اپنے صدر کے بیان کے ذریعے این پی ٹی معاہدے کے مطابق اور عالمی جوہری ایجنسی کی نگرانی میں فعال ان تنصیبات پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

عالمی برادری سے امید کی جاتی ہے کہ اس غیر قانونی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اپنا حق ثابت کرنے میں ایرانی قوم کا ساتھ دے۔

ایرانی قومی جوہری ایجنسی عظیم ایرانی قوم کو اطمینان دلاتی ہے کہ خبیث دشمن کی سازشوں کے باوجود ہزاروں سائنسدانوں اور انقلابی ماہرین کی ہمت کے سہارے اس ٹیکنالوجی کو رکنے نہیں دی جائے گی جو شہداء کے خون کی برکت سے حاصل ہوئی ہے۔

قومی جوہری ادارہ ایرانی قوم کے حقوق کے دفاع کے لئے تمام قانونی کاروائی انجام دے گی۔

Ads