صنعا، 12 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) یمنی فوج نے مقبوضہ علاقوں میں صہیونی تنصیبات اور بحیرہ احمر میں امریکی بحری بیڑے پر حملہ کیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، یمنی فوج نے تل ابیب میں دو فوجی اہداف کو ڈرون حملے کے ذریعے نشانہ بنانے کا دعوی کیا ہے۔
ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں خودکش ڈرونز کو اسرائیل کے مرکزی علاقے میں دو فوجی اہداف کی طرف روانہ کیا گیا۔
یحییٰ سریع نے اس آپریشن کا مقصد فلسطینی عوام کی حمایت قرار دیا۔
یمنی حملے کے بعد ابھی تک اسرائیلی فوج کی جانب سے اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، اور نہ ہی حملے سے ہونے والے ممکنہ نقصانات یا جانی نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
اس سے پہلے جنرل یحیی سریع نے امریکی بحریہ کے جہاز "یو ایس ایس ہیری ٹرومن" اور اس کےمعاون جنگی بحری جہازوں پر بھی میزائل اور ڈرون حملے کی خبر دی تھی، جس میں ان جہازوں کو بحرِ احمر کے شمالی حصے میں نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب یمنی چینل المسیرہ نے اطلاع دی ہے کہ امریکہ نے یمن کے مغربی علاقے الحدیدہ میں دو فضائی حملے کیے ہیں۔