Masarrat
Masarrat Urdu

ابھیشیک کی طوفانی بلے بازی سے حیدرآباد نے پنجاب کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا

Thumb

حیدرآباد، 12 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) ابھیشیک شرما (141) کی ریکارڈ ساز سنچری اور ٹریوس ہیڈ (66) کی طوفانی اننگز کی بدولت سنرائزرز حیدرآباد نے ہفتہ کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے 27ویں میچ میں پنجاب کنگز کو نو گیندیں باقی رہتے آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ابھیشیک نے صرف 40 گیندوں میں آئی پی ایل میں اپنی پہلی شاندار سنچری مکمل کی۔

246 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سنرائزرز حیدرآباد کی جانب سے ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے ریکارڈ 171 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ 13ویں اوور میں یزویندر چہل نے ٹریوس ہیڈ کو میکسویل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر پنجاب کو پہلی کامیابی دلائی۔ 17ویں اوور میں ارشدیپ سنگھ نے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کیا اور پنجاب کو دوسری بڑی کامیابی ملی، لیکن اس وقت تک ابھیشیک اپنا کام مکمل کر چکے تھے۔
ابھیشیک شرما نے 55 گیندوں پر 14 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 141 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ سنرائزرز حیدرآباد نے 18.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنا کر میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔ ہینرک کلاسن 21 رنز اور ایشان کشن 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پنجاب کنگز کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور یزویندر چہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پنجاب کنگز کے کپتان شریاس ایر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پریانش آریہ اور پربھسمرن سنگھ کی پنجاب کی اوپننگ جوڑی نے دھماکہ خیز بلے بازی کی اور پہلی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے۔ ہرشل پٹیل نے چوتھے اوور میں پریانش آریہ کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ پریانش آریہ نے 13 گیندوں میں دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے  36 رنز بنائے۔ اس کے بعد ساتویں اوور میں ایشان ملنگا نے پربھسمرن سنگھ کو آؤٹ کرکے حیدرآباد کو دوسری کامیابی دلائی۔ پربھسمرن سنگھ  نے 23 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42 رن بنائے۔ نہال وڈھیرا (27) کو بھی ملنگا نے آؤٹ کیا۔ ششانک سنگھ (دو) اور گلین میکسویل (تین) ہرشل کا شکار ہوئے۔ کپتان شریس ایئر نے 36 گیندوں پر چھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر 82 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ انہیں 18ویں اوور میں ہرشل نے آؤٹ کیا۔ پنجاب کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 245 رنز بنائے۔ مارکس اسٹونیس نے 11 گیندوں میں چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ مارکو جانسن  پانچ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سن رائزرس حیدرآباد کی جانب سے ہرشل پٹیل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایشان ملنگا نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

 

Ads