تہران، 12 اپریل (مسرت ڈاٹ کام) ایرانی اعلی اہلکار نے کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں کا سلسلہ ختم ہوجائے تو ایران معاہدے پر آمادہ ہوسکتا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مجید تختروانچی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نامعقول مطالبات ترک کردے اور دھمکیوں کا سلسلہ بند کرے تو عمان میں جاری مذاکرات میں معاہدے کے امکانات روشن ہیں۔
سربیا میں ایک اعلی سطحی نشست کے دوران ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران ہمیشہ اپنے پرامن جوہری پروگرام پر شفاف گفتگو کے لیے تیاررہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں چین، روس اور یورپی ٹرائیکا کے ساتھ مسلسل مذاکرات اس کا واضح ثبوت ہے۔
مسقط میں امریکہ کے ساتھ بالواسطہ بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایران باہمی احترام کی بنیاد پر مکالمے اور تعامل پر یقین رکھتا ہے۔ اگر امریکی فریق غیر متعلقہ مسائل کو درمیان میں نہ لائے اور دھونس و دھمکی کی زبان ترک کردے تو ایک معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے۔
انہوں نے خطے کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران کی پالیسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات استوار کرنا ہے۔