Masarrat
Masarrat Urdu

ایران مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوت: کملا ہیرس

  • 02 Oct 2024
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

واشنگٹن،  2 اکتوبر (مسرت ڈاٹ کام) امریکا میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کی  جانب سے اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد رد عمل سامنے آیا ہے۔

بین  الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کاملا ہیرس کا کہنا ہے کہ ایران  مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوت ہے، اسرائیل کی سلامتی کے  لیے میری وابستگی غیر متزلزل ہے۔
امریکا میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار  کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف  امریکا ہر ضروری اقدام کرے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکی افواج اور مفادات  کے دفاع کے لیے جو بھی اقدام ضروری ہوگا کریں گے۔
واضح رہے کہ ایران نے  گزشتہ رات اسرائیل پر حملہ کیا اور کئی بیلسٹک میزائل داغ دیئے، اسرائیلی  فوج نے دعویٰ کیا کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر  کئے ہیں جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بجنے لگے اور افراتفری مچ  گئی۔
اسرائیلی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 400 میزائل فائر کیے گئے۔
ایرانی  پاسداران انقلاب گارڈ کے مطابق ایرانی فضائیہ نے کئی بلیسٹک میزائلوں کے  ذریعے اسرائیل پر حملہ کیا جس میں کئی اہم فوجی و سکیورٹی ٹھکانوں کو نشانہ  بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملہ  حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کی  شہادت کا بدلہ ہے۔حملوں کی تفصیلات سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

Ads