Masarrat
Masarrat Urdu

ایکسائز پالیسی: منیش سیسودیا کی عرضی پر سی بی آئی، ای ڈی کو سپریم کورٹ کا نوٹس

Thumb

نئی دہلی، 16 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے دہلی کی ایکسائز پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ اور منی لانڈرنگ کے الگ الگ معاملوں میں ملزم سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواست پر منگل کے روز سی بی آئی اور ای ڈی کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا۔

جسٹس بی آر گوائی، سنجے کرول اور کے وی وشواناتھن کی بنچ نے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں سی بی آئی اور ای ڈی کو نوٹس جاری کیا اور معاملے کی آئندہ سماعت کی تاریخ 29 جولائی کو مقرر کی۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر مسٹر سسودیا کی درخواست ضمانت پر 11 جولائی کو سماعت کرنے والی بنچ سے جسٹس سنجے کمار کے الگ ہوجانے کے بعد نئی بنچ کی تشکیل ہونے تک سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔
سپریم کورٹ کے سامنے اپنے مختصر بیان میں، مسٹر سیسودیا کے وکیل وویک جین نے درخواست گزار کو ضمانت دینے کی درخواست کی، انہوں نے دلیل دی، "میں (منیش سسودیا) 16 ماہ سے جیل میں ہوں، مقدمہ اسی رفتار سے چل رہا ہے۔ جس رفتار سے یہ اکتوبر 2023 میں چل رہا تھا۔ ٹرائل بلا جواز سست رفتاری سے چل رہا ہے۔"
سی بی آئی نے دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22 (جسے تنازعہ کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا) میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں سسودیا کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس میں انہیں ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ انہيں 26 فروری 2023 کو گرفتار کیا گیا تھا۔
عآپ کے سینئر لیڈر مسٹر سیسودیا کو پہلے ٹرائل کورٹ، ہائی کورٹ اور یہاں تک کہ سپریم کورٹ نے ای ڈی اور سی بی آئی دونوں کے معاملوں میں ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے سسودیا کی نظرثانی کی درخواست اور کیوریٹیو پٹیشن کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ ملزم سسودیا نے عدالت کی طرف سے پہلے ہی خارج کردہ عرضی پر نظر ثانی کرنے کے لیے نئی درخواست دائر کی ہے۔

Ads