Masarrat
Masarrat Urdu

ہندوستان کی بیٹیاں ملائیشیا کے ساتھ دلچسپ مقابلے کے لیے تیار

Thumb

ہانگزو، 28 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) سنگاپور کو یکطرفہ مقابلے میں 13-0 سے شکست دینے کے بعد ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم جمعہ کو 19ویں ایشیائی کھیلوں میں اپنے دوسرے پول اے میچ میں ملائیشیا کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کل شام 4 بجے کھیلا جائے گا۔

ہندوستانی ٹیم نے سنگاپور کے خلاف 13-0 کی جیت کے ساتھ اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا تھا، جبکہ ملائیشیا نے ہانگ کانگ، چین کے خلاف 8-0 کی جیت کے ساتھ ایشیائی ہاکی خطے میں ایک مسابقتی قوت کے طور پر اپنے آپ کو ثابت کیا ہے۔
جب بات دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچوں کی ہو تو ہندوستان کا ملائیشیا کے خلاف شاندار ریکارڈ ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 17 میچوں میں سے ہندوستان 16 میں فتح یاب ہوا جبکہ صرف ایک میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ تمام تر کوششوں کے باوجود ملائیشیا ابھی تک ہندوستانی ٹیم کے خلاف فتح کا مزہ نہیں چکھ سکا۔
آخری بار یہ دونوں ٹیمیں خواتین کے ایشیا کپ 2022 میں آمنے سامنے تھیں، جہاں ہندوستان نے 9-0 کی زبردست جیت درج کی تھی۔ یہ حالیہ تاریخ بلاشبہ ہندوستان کو اعتماد میں اضافہ دے گی کیونکہ وہ ایک بار پھر ملائیشیا کا مقابلہ کرنے کے لیے میدان میں اترے گا۔
میچ سے پہلے ہندوستانی ٹیم کی کپتان سویتا نے کہاکہ "ہم سنگاپور کے خلاف اپنی ابتدائی کارکردگی سے بہت پرجوش ہیں اور یہ ہماری ٹیم کے اندر سخت محنت اور اتحاد کا ثبوت ہے۔ لیکن ہر کھیل ایک نیا چیلنج ہوتا ہے اور ملائیشیا ایک مضبوط حریف ہے۔ ہم اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔‘‘
سنگاپور کے خلاف گول کرنے والے ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان دیپ گریس ایکا نے کہاکہ "سنگاپور کے خلاف ہماری کارکردگی قابل ستائش تھی، لیکن اب ہمیں آگے بڑھ کر اگلے میچ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اس طرح کے ٹورنامنٹ میں ہر میچ اہم ہوتا ہے۔ یہ مختلف چیلنجز لاتا ہے اور ہمیں ان کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ملائیشیا ایک مسابقتی ٹیم ہے اور ہم انہیں کم نہیں سمجھ سکتے۔ ریکارڈز نتائج کی ضمانت نہیں دیتے، اس لیے ہم میدان میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ہمارا مقصد اپنا کھیل کھیلنا، اپنی حکمت عملی پر عمل کرنا اور جیتنا ہے۔‘‘

Ads