Masarrat
Masarrat Urdu

ایرانی پاسداران انقلاب کا بحرین میں امریکی فوجی اڈے کے ریڈار سسٹم پر ڈرون حملے کا دعویٰ

Thumb

تہران، 17 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگی ڈرونز نے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ فوجی اڈے پر امریکی افواج کے ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق یہ کارروائی منگل کی علی الصبح ایک منصوبہ بند اور درست حملے کے تحت انجام دی گئی۔

پاسداران انقلاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے امریکی فوجی ڈرونز کے جواب میں کی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ خطے میں امریکہ کی مخالفانہ فوجی سرگرمیوں اور ایران کے خلاف علاقائی فوجی اڈوں اور تنصیبات کے استعمال کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

آئی آر جی سی نے خبردار کیا کہ ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور خطے میں موجود فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو اسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی فوج کی جارحانہ کارروائیوں کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ امریکی فوجی کمانڈروں پر عائد ہوگی۔

پاسداران انقلاب کے مطابق خطے میں امریکی فوجی تنصیبات اور اڈوں کی موجودگی ایران کی سلامتی کے لیے تشویش کا باعث ہے اور ان اڈوں سے ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ کارروائی کو براہ راست خطرہ تصور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بحرین خلیج فارس کے خطے میں امریکہ کی اہم فوجی موجودگی کا مرکز ہے اور وہاں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ تاہم پاسداران انقلاب کے اس حملے اور ریڈار سسٹم کو پہنچنے والے نقصان کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

Ads