نئی دہلی، 17 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینی عوام کے قدرتی وسائل پر ان کے بنیادی حقوق کو تسلیم کرنے سے متعلق قرارداد کے حق میں ہندوستان کی ووٹنگ کا خیرمقدم کیا ہے۔
میڈیا کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا یہ اقدام ایک آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت اور ناانصافی کے خلاف ملک کے تاریخی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔ ہندوستان نے 150 دیگر ممالک کے ساتھ قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ امریکہ اور اسرائیل سمیت صرف سات ممالک نے اس کی مخالفت کی۔
سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہندوستان کو اسرائیل کا حامی اور فلسطین کا مخالف ظاہر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت ایک قابل ستائش قدم ہے۔ فلسطین کی حمایت اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانا نہ صرف اخلاقی ذمہ داری بلکہ ہندوستان کے قومی مفاد میں بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد میں فلسطینی عوام کے زمین، پانی اور توانائی سمیت قدرتی وسائل پر حقوق تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل سے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں، بشمول مشرقی یروشلم میں اسرائیلی بستیوں کی تعمیر اور علیحدگی کی دیوار کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد میں فلسطینی گھروں، کھیتوں، پانی کے کنوؤں اور بنیادی شہری ڈھانچے کی تباہی و ضبطی روکنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے عالمی حمایت کو برقرار رکھنے اور اسے عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہندوستان میں فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے والے کارکنوں، طلبہ اور سماجی تنظیموں کو ہراساں کرنے یا ان کے خلاف تعزیری کارروائی کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اظہارِ یکجہتی اور پرامن احتجاج کے حق کا احترام یقینی بنایا جائے۔
