Masarrat
Masarrat Urdu

شیئر بازاروں میں تیزی کا سلسلہ تھما، اہم اشاریوں میں گراوٹ

Thumb

ممبئی، 13 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) خردہ مہنگائی کے دباؤ میں اضافے اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان جمعہ کو مقامی شیئر بازاروں میں فروخت کا دباؤ غالب رہا، جس کے نتیجے میں اہم شیئر اشاریوں میں تقریباً 0.4 فی صد سے 0.6 فیصد تک کی گراوٹ درج کی گئی۔ جمعرات کو بھی محدود کاروبار کے دوران بازار میں معمولی تیزی ہی درج کی جا سکی تھی۔

کئی دنوں تک محدود اور محتاط کاروبار کے بعد آج کاروبار کے آغاز ہی سے حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھا ہوا تھا۔ بینکنگ اور آئی ٹی کے حصص پر دباؤ نسبتاً زیادہ دیکھا گیا۔ بازار کے تجزیہ کاروں کے مطابق اکتوبر میں خوردہ مہنگائی کی شرح ریزرو بینک کی 6 فیصد کی قابل برداشت حد سے تجاوز کر جانے کے باعث دسمبر میں ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی جانب سے ریپو ریٹ میں اضافہ کیے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اس کا اثر بازار ک رجحان پر پڑا ہے۔

جمعرات کو بازار بند ہونے کے وقت جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں خوردہ مہنگائی بڑھ کر 6.09 فی صد پر پہنچ گئی، جبکہ ستمبر میں یہ 5.54 فی صد تھی۔ اس کے باعث دسمبر میں آر بی آئی کی پالیسی شرح سود میں 0.25 فی صد تک اضافے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، جس سے قرض مہنگے ہو جائیں گے اور اس کا اثر ذاتی اور کاروباری اخراجات پر بھی پڑ سکتا ہے۔

عالمی اور جغرافیائی سیاسی عدم استحکام کا کوئی حل نہ نکلنے کے باعث بھی بازار میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، کیونکہ اس سے خام تیل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کا اثر اقتصادی اور تجارتی امکانات کے ساتھ کمپنیوں کی مالی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے۔

آج کاروبار کے آغاز ہی سے دباؤ میں رہنے والا بی ایس ای کا 30 حصص پر مشتمل سینسیکس 318.56 پوائنٹس (0.39 فیصد) گر کر 81,592.45 پر بند ہوا۔ گزشتہ روز یہ 81,911.01 پر بند ہوا تھا۔ آج صبح کاروبار کے دوران یہ گراوٹ کے ساتھ 81,833.78 پوائنٹس پر کھلا اور اوپر میں 81,879.51 جبکہ نیچے میں 81,288.75 تک پہنچ گیا تھا۔

سینسیکس کے 30 میں سے 23 حصص میں آج گراوٹ درج کی گئی، جبکہ 7 حصص فائدے میں بند ہوئے۔ گراوٹ والے اہم حصص میں مہندرا اینڈ مہندرا 2.13 فیصد، الٹرا ٹیک سیمنٹ 1.65 فیصد، بی ای ایل 1.60 فیصد اور این ٹی پی سی 1.18 فیصد ٹوٹ گیا۔ ٹرینٹ، ایچ ڈی ایف سی بینک، آئی سی آئی سی آئی بینک، کوٹک بینک، ایکسس بینک اور ایس بی آئی میں بھی فروخت کا دباؤ رہا۔ ٹیک مہندرا، انفوسس اور ٹی سی ایس جیسے اہم حصص بھی نقصان کے ساتھ بند ہوئے۔

فائدے میں رہنے والے حصص میں ہندوستان یونی لیور 1.22 فی صد، ایشین پینٹس 0.87 فیصد اور بھارتی ایئرٹیل 0.41 فی صد اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔ ریلائنس، ایٹرنل، بجاج فائننس اور آئی ٹی سی میں بھی معمولی اضافہ درج کیا گیا۔ این ایس ای کا 50 حصص پر مشتمل نفٹی 25,144.30 پر بند ہوا، جو گزشتہ بند ہونے کے مقابلے میں 155.05 پوائنٹس (0.61 فی صد) کم ہے۔ نفٹی آج صبح گراوٹ کے ساتھ 25,209.85 پوائنٹس پر کھلا اور اوپر میں 25,246.35 جبکہ نیچے میں 25,054.40 تک پہنچ گیا تھا۔

بازار کے آج کے رجحانات پر فوری تبصرہ کرتے ہوئے پی ایل کیپٹل کے چیف بزنس آفیسر (مشاورت اور ڈیلنگ) وکرم کسات نے کہا، ’’بازار میں موجودہ گراوٹ اس بات کا اشارہ ہے کہ سرمایہ کار بڑھتی ہوئی مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے مشترکہ اثرات کو لے کر فکر مند ہیں۔ عالمی سطح پر برقرار غیر یقینی صورتحال بھی بازار میں احتیاط کا ماحول بڑھا رہی ہے۔ تاہم، سب سے بڑی تشویش توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دوسرے مرحلے کے اثرات کو لے کر ہے، جس کا اثر کمپنیوں کے منافع، صارفین کی مانگ اور ہندوستان کے جاری کھاتے کے خسارے پر پڑ سکتا ہے۔‘‘

مسٹر کسات نے کہا کہ مہنگائی کی شرح بڑھنے کے باعث مانیٹری پالیسی میں نرمی کی امیدیں بھی آگے کھسک سکتی ہیں۔ اس سے بازار میں مستقل بحالی کے امکانات محدود ہو سکتے ہیں۔ ان کا مشورہ ہے کہ موجودہ حالات میں بڑے پیمانے پر دفاعی حکمت عملی اپنانے کے بجائے منتخب حصص میں سرمایہ کاری پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

آنے والے دنوں میں خام تیل کی قیمتوں کا رجحان، روپے کا استحکام اور غیر ملکی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) کی سرمایہ کاری کا بہاؤ اس بات کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے کہ بازار میں یہ گراوٹ صرف قلیل مدتی اتار چڑھاؤ تک محدود رہتی ہے یا پھر کمپنیوں کی آمدنی میں کمی کے باعث بازار میں بڑی گراوٹ کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔

 

Ads

مضامین

Ads