جون 2025 میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد ایران نے آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون اور جوہری تنصیبات تک رسائی محدود کر دی تھی۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس ادارے کے ساتھ تعاون سے متعلق تمام فیصلے اس کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کرتی ہے۔
بدھ کو جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیاکہ ’’ہم نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی دوبارہ شروع کرے۔ خاص طور پر وہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ مکمل تعاون کرے، تاکہ اس کے جوہری پروگرام کی نوعیت کے بارے میں شفافیت بحال ہو سکے۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ان ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تمام متعلقہ قراردادوں اور ان پابندیوں کو پوری طرح نافذ کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے، جنہیں ستمبر 2025 میں ’اسنیپ بیک میکانزم‘ کے ذریعے دوبارہ نافذ کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ جی 7 ممالک نے ایران سے آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت یقینی بنانے کو کہا ہے۔ انہوں نے اس آبی راستے کو کھلا رکھنے کے لیے فرانس اور برطانیہ کی جانب سے اتحاد قائم کرنے کی پہل کی بھی حمایت کی ہے۔
انہوں نے ایران سے یہ بھی کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تنازع میں یمن کی ’انصار اللہ‘ تحریک (جسے ’حوثی‘ بھی کہا جاتا ہے) کی حمایت بند کرے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران پر دوسرے ممالک پر حملے کرنے کا الزام عائد کیا، جس میں مبینہ طور پر برطانیہ کے ’آر اے ایف فیئر فورڈ‘ پر کیا گیا حملہ بھی شامل ہے۔
