Masarrat
Masarrat Urdu

ایران کے خوف سے امریکی وزیر خزانہ فوجی اڈے پر منتقل

  • 11 Nov 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 11  نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے ایران کے پرامن جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 20 ملین ڈالر تک انعام مقرر کرنے کے اعلان کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے اس کے خلاف واضح مؤقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، سلامتی کونسل کی صدر سانیتا پاولوتا ڈیسلینڈس اور عالمی جوہری توانائی ادارے کے سربراہ رفائل گروسی کے نام ایک خط میں مطالبہ کیا ہے کہ امریکی اعلان کی کھلے الفاظ میں مذمت کی جائے۔

عراقچی نے اپنے خط میں کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کا یہ اعلان ایران کے جوہری مراکز، آلات، سائنس دانوں اور متعلقہ ماہرین کے بارے میں خفیہ معلومات حاصل کرنے اور جاسوسی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جس سے جوہری تنصیبات اور ان سے وابستہ افراد کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کا حق جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی چوتھی شق کے تحت تسلیم شدہ ہے اور کسی ملک کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ خفیہ مداخلت یا دباؤ کے ذریعے دوسرے ملک کی قانونی جوہری سرگرمیوں کو نقصان پہنچائے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی اقدام کے عالمی امن و سلامتی پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں اور امریکہ کو اس کے اقدامات کا جواب دہ بنائیں۔

انہوں نے عالمی جوہری توانائی ادارے کے سربراہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ادارے کی غیر جانب داری، خودمختاری اور خفیہ معلومات کے تحفظ کو یقینی بنائیں، جوہری سائنس دانوں اور متعلقہ عملے کی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات کریں اور اس معاملے کو ادارے کے مجلسِ عاملہ کے سامنے پیش کریں۔

Ads

مضامین

Ads