خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی طبی حکام نے بتایا کہ منگل کو غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بے گھر افراد کی عارضی پناہ گاہ کی چھت پر اسرائیلی فضائی حملے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہید ہوگئے۔ علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب فضائی حملے میں ایک اور فلسطینی جاں بحق ہوا، جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوگیا۔ بعد ازاں صبرا کے علاقے میں ایک دھاتی کارخانے پر فضائی حملے میں مزید تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
دریں اثنا مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی معتز ایاد دغلس بھی شہید ہوگیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات نابلس کے شمال مغرب میں پیش آیا۔ فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ اس کے عملے نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو افراد کو اسپتال منتقل کیا، تاہم اسرائیلی فوج نے ایک تیسرے زخمی تک رسائی روک دی اور تین طبی رضاکاروں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی تھی۔
ادھر یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ شہر میں بارش کے پانی کے بڑے ذخیرے کی مرمت کے لیے درکار سامان کی درآمد کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ ادارے کے مطابق شیخ رضوان کا یہ ذخیرہ گندے پانی سے آلودہ ہوچکا ہے اور شدید بارشوں کے دوران اس کے لبریز ہونے سے قریبی آبادیوں میں آلودہ پانی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں بتایا کہ ادارہ تقریباً ایک سال سے اسرائیلی حکام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے ساتھ اس منصوبے پر کام کر رہا تھا، جس پر 30 لاکھ ڈالر لاگت آنی تھی، لیکن اسرائیلی فوج کے ادارے کوگیٹ نے گزشتہ چند روز میں اسے مسترد کردیا۔
یونیسیف کے مطابق ذخیرے کا زہریلا اور آلودہ پانی سڑکوں اور خیموں میں داخل ہوسکتا ہے، جس سے بے گھر خاندانوں کو دوبارہ اپنے عارضی ٹھکانے چھوڑنے پڑسکتے ہیں اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ حالیہ شدید بارشوں کے باعث غزہ میں ہزاروں خیمے زیر آب آچکے ہیں۔ ایک واقعے میں ریت کا بند گرنے سے چار افراد، جن میں تین کم عمر بچے شامل تھے، جاں بحق ہوگئے۔
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسچن لِنڈمائر نے بھی خبردار کیا ہے کہ سیلاب، ناقص صفائی اور صحت و پانی کی ناکافی سہولتوں کے باعث غزہ میں متعدی بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق تقریباً 10 لاکھ بے گھر افراد کو درمیانے یا شدید درجے کے سیلابی خطرات کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے تحت غزہ کی تعمیر نو کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا کی شرائط پر اختلافات کے باعث اس عمل میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔
