تہران، 9 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ کو 48 گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے آبنائے ہرمز کھولنے کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر واشنگٹن تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سے متعلق ایران کی شرائط تسلیم کرلیتا ہے تو تہران 48 گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے تیار ہے، تاہم امریکی قیادت کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کیے جانے کی صورت میں ایران کی مسلح افواج بھرپور فوجی کارروائی کریں گی۔
عراقچی نے اتوار کو ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے اِرنا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ کے پاس جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی پیشکش قبول کرنے کا موقع موجود ہے۔ انہوں نے امریکی قیادت کو متنبہ کیا کہ اگر واشنگٹن نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا تو اسے ایرانی فوج کے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بھی ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے امریکی ووٹروں کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں اور اب وائٹ ہاؤس کو بھی فیصلہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ایران کی دو روزہ تجویز اب بھی برقرار ہے۔ امریکہ تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سمیت ایران کی پیش کردہ شرائط تسلیم کرے اور اس کے نتائج دیکھے، بصورت دیگر جنگ کا راستہ اختیار کرے اور ایرانی فوجیوں کے حملوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔
عباس عراقچی کے اس بیان کو ایسے وقت میں اہم قرار دیا جارہا ہے جب آبنائے ہرمز کی صورت حال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ایران کی جانب سے 48 گھنٹوں میں اسے کھولنے کی پیشکش اور امریکہ کو فوجی کارروائی کی تنبیہ سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی میں ایک نیا سفارتی اور عسکری پہلو سامنے آیا ہے۔
تاہم امریکہ کی جانب سے ایرانی وزیر خارجہ کی اس تازہ پیشکش پر ردعمل سامنے آنا ابھی باقی ہے۔
