Masarrat
Masarrat Urdu

حمزہ ظہور کی ناٹ آؤٹ سنچری، پاکستان نے ہندوستان کو تین وکٹ سے ہرایا

Thumb

مسقط، 8 نومبر (مسرت ڈاٹ کام) حمزہ ظہور کی شاندار ناٹ آؤٹ سنچری کی بدولت پاکستان انڈر 19 ٹیم نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ مرحلے کے مقابلے میں ہندوستان کو تین وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 209 رن کا ہدف 48.1 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

عمان میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے 100 رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ انہوں نے حسنین عباس ڈار (38) کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 107 رن کی اہم شراکت قائم کرکے پاکستان کو مشکل صورت حال سے نکالا۔ ایک وقت پاکستان نے 61 رن پر پانچ وکٹیں گنوا دی تھیں، لیکن دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ ہندوستان کی جانب سے منل چوہان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی ہندوستانی ٹیم 46.3 اوور میں 208 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ ارجن راجپوت نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 107 رن بنائے۔ وہ اس وقت کریز پر آئے تھے جب ہندوستان کا اسکور تین وکٹ پر 22 رن تھا۔ انہوں نے مشکل حالات میں ٹیم کی اننگز کو سنبھالا، لیکن دوسرے سرے سے انہیں خاطر خواہ تعاون نہیں مل سکا۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا، نکاب شفیق اور رضوان اللہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان انڈر 19 ٹیم گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر پہنچ گئی ہے۔ پاکستان نے اب تک اپنے دونوں میچ جیتے ہیں اور اس کے چار پوائنٹس ہیں، جبکہ ہندوستان انڈر 19 ٹیم دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو نو وکٹ سے شکست دی تھی، جبکہ ہندوستان نے نیپال کو 10 وکٹ سے ہرایا تھا۔

 

 

 

Ads