Masarrat
Masarrat Urdu

اسلامی ممالک کا اتحاد علاقائی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہے، صدر پزشکیان

Thumb

تہران، 4 نومبر(مسرت ڈاٹ کام) ایرانی صدر نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے صہیونی حکومت کو خطے میں اپنے مقاصد حاصل کرنے سے روک سکتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ترکی کے نئے سفیر احمد آیدین دوغان کی اسناد سفارت وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترکی اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام پر مبنی پالیسی رکھتا ہے۔ ایران اور ترکی کے عوام ثقافتی، اعتقادی اور نسلی اعتبار سے بھی بہت سی مشترکہ اقدار اور قربتیں رکھتے ہیں۔

صدر پزشکیان نے علاقائی صورت حال کی حساسیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں۔

انہوں نے صہیونی حکومت کی علاقائی پالیسیوں اور اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت جرائم اور نسل کشی کے ارتکاب کے ساتھ ساتھ اسلامی ممالک کے درمیان اختلافات اور خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے عزائم صرف کسی ایک ملک تک محدود نہیں بلکہ تمام اسلامی ممالک کو نشانہ بناتے ہیں۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ صہیونی حکومت امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی حمایت کے سہارے بلاخوف اپنے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ عالمی برادری ان جرائم کے مقابلے میں زیادہ تر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اگر اسلامی ممالک اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے مل کر کوشش کریں اور اقتصادی ترقی، سیاسی روابط کے فروغ اور سائنسی و ثقافتی تعاون کو وسعت دیں تو صہیونی حکومت کے لیے اسلامی ممالک کے خلاف جارحیت اور تجاوز کرنا آسان نہیں رہے گا۔

Ads