Masarrat
Masarrat Urdu

دہلی میں ووٹ کے حق کو بھی وی آئی پی اور عام زمرے میں بانٹ دیا گیا- پون کھیڑا

Thumb

نئی دہلی، 25 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) کانگریس شعبہ مواصلات کے سربراہ اور راجیہ سبھا کے رکن پون کھیڑا نے جمعہ کے روز دہلی میں ووٹروں کے حقوق کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی خصوصی تفصیلی نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل پر سوال اٹھائے۔

مسٹر کھیڑا نے آج یہاں کانگریس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ دہلی میں عام ووٹروں کے ووٹ کے حق کو متاثر کیا جا رہا ہے اور ووٹروں کو الگ الگ زمروں میں بانٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے ہر شہری کے ووٹ کی قیمت برابر رکھی ہے، لیکن آج ووٹ کو بھی وی آئی پی اور عام زمرے میں بانٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک بھر میں 13 کروڑ سے زیادہ ووٹروں کا ووٹ کا حق چھین لیا گیا ہے اور دہلی میں تقریباً آدھے شہریوں کے حقِ رائے دہی پر سوال کھڑا ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے بی ایل او ایپ میں الگ سے 'مارک وی آئی پی' فیچر جوڑا گیا ہے، جس میں رہنماؤں، وزراء اور افسران سمیت کچھ ووٹروں کو وی آئی پی کے طور پر نشان زد کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ "ووٹ میں بھی زمرہ بنا کر نیا ہندوستان بنایا گیا ہے اور یہ نریندر مودی کا نیا ہندوستان ہے۔"

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمارکونشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ سوالات سے بچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرست کی "پاکیزگی" کو ختم کر دیا ہے اور اس پورے معاملے میں شفافیت کے ساتھ جواب دینا چاہیے۔

 

Ads