Masarrat
Masarrat Urdu

انتخابی پینل کے دفاع میں جاری پریس نوٹ کو پورے الیکشن کمیشن کی منظوری تھی: ای سی آئی

Thumb

نئی دہلی، 24 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے جمعرات کے روز یہ واضح کیا کہ بدھ کو کمیشن کے طریقہ کار پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان جاری پریس نوٹ پورے کمیشن کی منظوری سے جاری کیا گیا تھا جو تینوں الیکشن کمشنروں کی اجتماعی صورت حال کو ظاہر کرتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کہ کیا 23 ستمبر کو جاری پریس نوٹ نمبر 119 کمیشن کے تمام ارکان کی رضامندی سے جاری کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے کہا: "اس طرح کے مساوی سوالات کے تناظر میں یہ واضح کیا جاتا ہے کہ 23/09/2026 کو جاری پریس نوٹ نمبر 119 کو مکمل الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا تھا۔" الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پورے کمیشن کی منظوری لینے کے بعد پریس نوٹ جاری کرنا اس کی باقاعدہ ادارہ جاتی روایت ہے۔

یہ وضاحت اس وقت آئی ہے جب تین رکنی الیکشن کمیشن کے کام کاج کی سخت جانچ ہو رہی ہے اور الیکشن کمیشن کے اندر فیصلے کرنے کے عمل پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ خاص کر تب جب کمیشن نے بدھ کے روز ووٹر فہرست کے ایس آئی آر کے تعلق سے ہوئی تنقید اور الیکشن کمشنروں کے درمیان اختلافات کی خبروں پر تفصیلی جواب دیا ہے۔ بدھ کو جاری پریس نوٹ میں، ای سی آئی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ وہ آئین کے دفعہ 324، قانونی قواعد و ضوابط اور قائم کردہ ادارہ جاتی روایتوں کے تحت کام کرنے والا ایک آئینی ادارہ ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ کمیشن ایک کثیر رکنی ادارے کے طور پر کام کرتا ہے اور اپنے طریقہ کار کو کنٹرول کرنے والے آئینی و قانونی دائرے میں رہ کر فیصلے کرتا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعرات کو دی گئی صفائی میں خاص طور پر ان سوالات کا جواب دیا گیا کہ کیا پریس نوٹ نمبر 119 میں پورے تین رکنی کمیشن کی رائے شامل تھی۔ ای سی آئی نے کہا کہ اسے پورے کمیشن کی منظوری سے جاری کیا گیا تھا اور یہ بھی کہا کہ یہ پریس نوٹ جاری کرنے کے اس کے عام طریقہ کار کے مطابق ہی تھا۔

 

Ads