Masarrat
Masarrat Urdu

جے شنکر نے روبیو سے ملاقات کی، روس اور ایران پر پابندیوں کے قانون پر ہندوستان کی تشویش دہرائی

  • 23 Sep 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

نئی دہلی، 23 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان نے روس اور ایران پر پابندیاں عائد کرنے سے متعلق امریکہ کے متنازع قانون کے حوالے سے اپنی تشویش امریکہ کے سامنے رکھی ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک گئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس متنازع قانون سمیت کئی اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جے شنکر نے قانون کے حوالے سے ہندوستان کے مفادات اور تشویش کو ایک بار پھر واضح کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خلیجی خطے اور یوکرین کی صورتحال پر بھی بات کی۔

ملاقات کے بعد جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات اچھی رہی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی ہفتے کے دوران ایس آر آئی اے کے حوالے سے ہندوستان کے مفادات اور تشویش کو دہرایا اور خلیج اور یوکرین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ’سینکشننگ رشیا اینڈ ایران ایکٹ 2026‘ (ایس آر آئی اے) امریکی صدر کو ان ممالک پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اختیار دیتا ہے جو روس سے تیل اور گیس درآمد کرتے ہیں۔ اس قانون کا سب سے زیادہ اثر ہندوستان اور چین پر پڑنے کا امکان ہے۔

ہندوستان پہلے ہی اس قانون پر اپنا موقف واضح کرچکا ہے اور کہا ہے کہ 140 کروڑ عوام کی توانائی کی سلامتی اس کی اولین ترجیح ہے۔ ہندوستان نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنے اقتصادی اور تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ اس قانون کا مقصد روس کی مالی طاقت کو کمزور کرنا ہے۔

 

Ads