اقوام متحدہ، 23 ستمبر(مسرت ڈاٹ کام) ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکی اور صہیونی حکومت کی جارحیت اور غیر قانونی دباؤ کے مقابلے میں اپنے اقتدار اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شریک ممالک کے ساتھ مشاورت کے سلسلے میں آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف سے ملاقات اور گفتگو کی۔
ملاقات میں ایران اور آذربائیجان کے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں ایران اور آذربائیجان کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جنوبی قفقاز میں سلامتی اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر دونوں فریقوں نے باہمی معاہدوں اور مفاہمتوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کے لیے تعاون اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس ملاقات میں خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی تازہ صورت حال کے بارے میں بھی گفتگو کی اور امریکی و صہیونی حکومت کی جانب سے ایران کے خلاف جارحیت اور غیر قانونی دباؤ کے مقابلے میں ایران کے اقتدار اعلی اور قومی مفادات کے دفاع کے پختہ عزم پر زور دیا۔
