ملک کا یہ اعلیٰ ترین سنیما اعزاز حاصل کرتے ہوئے مسٹر ناگ نے اسے ’’انتہائی فخر کا لمحہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ پانچ دہائیوں سے زیادہ طویل فلمی سفر کے بعد یہ اعزاز ملنے پر وہ خود کو انتہائی خوش قسمت محسوس کر رہے ہیں۔ تقریب سے اداکار نے اپنے خطاب میں کہاکہ ’’آپ سب کے درمیان موجود ہونا میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے، میں آپ سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔‘‘
اپنی اس تاریخی کامیابی کے بارے میں مسٹر ناگ نے واضح کیا کہ وہ اسے محض اپنی ذاتی کامیابی نہیں سمجھتے بلکہ یہ ان تمام لوگوں کا اعزاز ہے جو ان کے طویل کریئر میں ان کے ہم سفر رہے۔
انہوں نے اپنے ساتھی فنکاروں، ہدایت کاروں، معاونین اور عملے کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی ان کروڑوں ناظرین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے نبھائے ہوئے کرداروں کو کھلے دل سے اپنایا۔
کنڑ سمیت کئی ہندوستانی زبانوں کی فلموں میں اپنی الگ شناخت بنانے والے مسٹر ناگ نے اس موقع پر تھیٹر سے ہندوستانی سنیما کے ایک اہم ستون بننے تک کے اپنے سفر کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے انہوں نے تقریباً پانچ سال تھیٹر میں گزارے۔ یہی سال ان کی تربیت کے تھے اور یہیں سے اداکاری نے ان کی زندگی کو ایک نئی سمت دی۔
مسٹر ناگ کو پہلا بڑا موقع کنڑ سنیما میں ملا، اسی لیے وہ اسے اپنے فنی سفر کا مرکز اور نقطۂ آغاز مانتے ہیں۔ بعد میں انہوں نے ہندی، تیلگو، تمل، ملیالم اور مراٹھی سنیما میں بھی بڑے پیمانے پر کام کیا اور شہرت حاصل کی، لیکن وہ ہمیشہ یہ مانتے رہے کہ دیگر لسانی علاقوں میں انہیں کرناٹک کے ایک ثقافتی سفیر کے طور پر شناخت ملی۔
مسٹر ناگ کے فلمی کریئر کا آغاز کنڑ فلم ’سنکلپ‘ سے ہوا، جبکہ شیام بینیگل کی فلم ’انکور‘ سے انہوں نے ہندی سنیما میں قدم رکھا۔ ان برسوں کے دوران انہوں نے متوازی سنیما، مین اسٹریم فلموں اور ٹیلی ویژن کے ذریعے چھ ہندوستانی زبانوں میں 300 سے زائد فلموں میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے۔ ٹی وی ناظرین کے درمیان ’مالگڈی ڈیز‘ نے انہیں ہر گھر میں مقبول بنا دیا۔
بے پناہ صلاحیتوں کے مالک مسٹر ناگ کو اب تک پانچ فلم فیئر ایوارڈز، پانچ کرناٹک ریاستی بہترین اداکار ایوارڈز، راجیوتسو ایوارڈ، ساہتیہ اکادمی ایوارڈ اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ اس کے علاوہ سال 2025 میں انہیں ’پدم بھوشن‘ سے بھی سرفراز کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ سال 1969 میں قائم کیا گیا ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ ہندوستانی سنیما کے بانیوں میں شمار ہونے والے دھونڈیر اج گووند پھالکے کی یاد میں دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ ہندوستانی سنیما کی ترقی اور فروغ میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا جاتا ہے۔
