Masarrat
Masarrat Urdu

پاکستان کی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایشین گیمزکے کرکٹ مقابلے کا کانسے کا تمغہ جیتا

Thumb

نشین، (جاپان) 22 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) کپتان فاطمہ ثناء (45 رن / ایک وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان کی خواتین ٹیم نے منگل کے روز بنگلہ دیش کو 31 رنوں سے شکست دے کر ایشیائی کھیلوں کے کرکٹ مقابلے کا کانسے کا تمغہ جیت لیا۔ پاکستان کے 145 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 114 رنز ہی بنا سکی اور مقابلہ 31 رنز سے ہار گئی۔

بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے 20 رنز کے اسکور پر اپنے تین وکٹ گنوا دیئے۔ جویریہ فردوس (چار)، دلارا اختر (12) اور شوبھنا موستاری (دو) رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ایسے مشکل وقت کپتان نگار سلطانہ اور شرمین اختر نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑے۔ 14ویں اوور میں عائشہ ظفر نے نگار سلطانہ (25 رنز) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔

اس کے بعد بنگلہ دیش کے بلے باز پاکستانی باؤلنگ اٹیک کے آگے بے بس نظر آئے۔ تاہم شرمین اختر ایک سرا سنبھالے کھڑی رہیں۔ انہوں نے 46 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے (ناٹ آؤٹ 46) رنز بنائے۔

ناہیدہ اختر (10) رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان کی طرف سے ام ہانی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ تسمیہ رباب، فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے آج یہاں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ شوال ذوالفقار اور گل فیروزہ کی سلامی جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 46 رنز جوڑ کر پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ساتویں اوور میں ناہیدہ اختر نے گل فیروزہ کو بولڈ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ گل فیروزہ نے 23 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے (31) رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں سائرہ جبین (پانچ) کو شورنا اختر نے اپنا شکار بنا لیا۔ 10ویں اوور میں شوال ذوالفقار (17) کو بھی شورنا اختر نے آؤٹ کیا۔ عائشہ ظفر (نو) اور ایمن فاطمہ (صفر) پر آؤٹ ہوئیں۔

ایک وقت پر پاکستان نے 67 رنز پر اپنے پانچ وکٹ گنوا دیئے تھے۔ ایسے مشکل وقت میں فاطمہ ثناء اور عالیہ ریاض کی جوڑی نے اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹے وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت داری ہوئی۔

19ویں اوور میں رتو مونی نے عالیہ ریاض (25) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کا خاتمہ کیا۔ 20ویں اوور میں ناہیدہ اختر نے فاطمہ ثناء کو بھی آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ فاطمہ ثناء نے 30 گیندوں میں تین چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے (45) رنوں کی اننگ کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز کا اسکور کھڑا کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور رتو مونی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سنجیدہ اختر میگھلا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

 

Ads