Masarrat
Masarrat Urdu

مسافروں پر زیادہ ادائیگی کے لیے دباؤ ڈالنے کی پاداش ریپیڈو پر 10 لاکھ کا جرمانہ

Thumb

نئی دہلی، 15 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) صارفین کے تحفظ کی مرکزی اتھارٹی (سی سی پی اے) نے بکنگ کے دوران صارفین کو زیادہ ادائیگی کے لیے دباؤ ڈالنے والے گمراہ کن پیغامات اور ناپسندیدہ طریقے اپنانے پر ریپیڈو کو چلانے والی کمپنی روپین ٹرانسپورٹیشن سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

سرکاری معلومات کے مطابق سی سی پی اے کو ریپیڈو ایپ پر زیادہ پیسے دینے کے لیے سواری کو ترغیب دینے اور اصل کرائے پر ڈرائیور کی جانب سے سواری قبول نہ کرنے جیسے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ اتھارٹی نے کہا ہے کہ اصل کرایہ طے ہونے کے بعد زیادہ ادائیگی کے لیے اس طرح کے پیغامات دینا صارف کے ذہن میں یہ غلط فہمی پیدا کرتا ہے کہ اضافی رقم دینے سے ہی گاڑی ملنے کا امکان ہے۔

سی سی پی اے نے ریپیڈو کے 'اپنی قیمت طے کریں' کے آپشن کی بھی جانچ کی اور پایا کہ قیمت بڑھانے پر سبز رنگ میں سواری ملنے کے زیادہ امکان کا پیغام دکھایا جاتا تھا جبکہ قیمت گھٹانے پر سرخ یا نارنجی رنگ میں تنبیہ دی جاتی تھی۔ قیمت بڑھانے کے لیے سلائیڈر میں زیادہ جگہ دینے کو اتھارٹی نے صارف کے فیصلے کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

اتھارٹی نے کہا ہے کہ بکنگ کے وقت دکھایا گیا کرایہ، فاصلہ، وقت، ٹریفک، ٹول اور ڈرائیور کو واجب الادا رقم جیسے عوامل کو مدِ نظر رکھنا ضروری ہے، اس لیے سفر شروع ہونے سے پہلے سواری کے لیے اضافی رقم کو 'ٹپ' کے طور پر تجویز کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ موٹر وہیکل ایگریگیٹر گائیڈ لائنز 2025ء کے مطابق ٹپ دینے کی سہولت سفر مکمل ہونے کے بعد ہی فراہم کی جانی چاہیے۔

سی سی پی اے نے ریپیڈو کے اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا کہ اضافی ادائیگی سے سواری ملنے کے امکان پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ اتھارٹی نے کہا کہ ریپیڈو نے اضافی رقم دینے سے سواری ملنے کے امکانات بڑھنے کے دعوے کی حمایت میں کوئی اعداد و شمار پیش نہیں کیے ہیں، اس لیے اس کا یہ دعویٰ غیر ثابت شدہ اور گمراہ کن ہے۔

 

Ads