Masarrat
Masarrat Urdu

یمن کے حقوق کے بغیر بحیرہ احمر میں امن ممکن نہیں، وزارت خارجہ ایران

  • 11 Sep 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

تہران، 11 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر اور مغربی ایشیا میں امن و استحکام یمنی عوام کے حقوق، عزت اور قومی حاکمیت کے احترام کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ نے یمن کی صورتحال پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران یمن کی آزادی، قومی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے احترام اور اس کا غیر قانونی و غیر انسانی محاصرہ ختم کرنے کے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یمن میں موجودہ صورتحال کو گزشتہ ایک دہائی کے واقعات سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ یمنی عوام ایک عظیم اور تاریخی تہذیب کے وارث ہیں اور حق رکھتے ہیں کہ دباؤ، دھمکی اور ظالمانہ محاصرے سے آزاد ہو کر باعزت زندگی گزاریں۔ ان کی قومی حاکمیت و علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جائے۔

ایران نے یمنی عوام کے مفادات کو مدنظر رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن کے مسائل محاصرے اور فوجی صف بندی جاری رکھ کر حل نہیں کیے جا سکتے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے یمن کے حوالے سے طے شدہ روڈ میپ کے مطابق فوری طور پر مذاکرات بحال کرنے اور اس کے نکات پر عمل درآمد پر زور دیتے ہوئے اس عمل میں ہر ممکن معاونت کے لیے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔

Ads