Masarrat
Masarrat Urdu

مودی سے ملے پرنس رحیم، صحت، زراعت، دیہی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے پر ہوئی گفتگو

Thumb

نئی دہلی، 10 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ہندوستان کے دورے پر آئے مسلم اسماعیلی فرقہ کے 50 ویں امام پرنس رحیم آغا خان پنجم نے جمعرات کے روز یہاں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور اس دوران صحت کی خدمات، زراعت، دیہی ترقی، نوجوانوں نیز خواتین کو بااختیار بنانے سمیت اہم شعبوں میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ ہندوستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر گفتگو کی۔

نریندر مودی نے بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "پرنس رحیم آغا خان پنجم سے مل کر مسرت ہوئی۔ ان کے والد، مرحوم آغا خان چہارم، اور ترقیاتی کوششوں میں ان کے دیرپا تعاون کو محبت کے ساتھ یاد کیا۔ صحت کی خدمات، زراعت، دیہی ترقی، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبے میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ ہماری شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر گفتگو کی۔" پرنس رحیم کا یہ ہندوستان کا پہلا دورہ ہے اور وہ نائب صدر سی پی رادھا کرشنن کی دعوت پر آئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال اپنے والد کے جانشین کے طور پرمسلم اسماعیلی فرقہ کے 50ویں موروثی امام کا عہدہ سنبھالا اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے صدر بنے۔ دورے کے دوران ان کی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، سی پی رادھا کرشنن، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی ملنے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ، وہ احمد آباد، ممبئی اور حیدرآباد کا دورہ بھی کریں گے۔

آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک طویل عرصے سے ہندوستان میں سرگرم ہے۔ ہندوستان میں اس نے سال 1905 میں گجرات میں ایک آغا خان اسکول کے قیام کے ساتھ اپنے کام کی شروعات کی۔ آج اس کے پروگراموں میں صحت، تعلیم، زراعت، غذائی تحفظ، رہائش، روزگار اور اقتصادی ترقی سمیت کئی شعبے شامل ہیں۔

آغا خان فاؤنڈیشن نے کہا کہ 2025 تک اس کی سرگرمیوں کے ذریعے 49 لاکھ افراد تک رسائی حاصل کی گئی، جبکہ اس کی پہل قدمیوں نے 24 لاکھ خواتین کو تعاون فراہم کیا اور 22 لاکھ بچوں کو ابتدائی بچپن کی دیکھ بھال کی خدمات دستیاب کرائیں۔

نیٹ ورک کا دیہی ترقیاتی کام بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ آغا خان دیہی امدادی پروگرام (ہندوستان) گجرات، مدھیہ پردیش، بہار اور مہاراشٹر میں کام کرتا ہے اور زراعت، موسمیاتی لچک، روزگار، دیہی حکمرانی، صحت اور غذائیت پر توجہ مرکوز کرتا ہے، جس میں خواتین کو بااختیار بنانا اس کے مداخلتی اقدامات کا ایک بنیادی حصہ ہے۔

مسٹر مودی اور پرنس رحیم آغا خان پنجم کے درمیان ہونے والی ملاقات سے نیٹ ورک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کو نئی رفتار ملنے کی امید ہے، بالخصوص ان ترقیاتی پروگراموں میں جن کا مقصد روزگار میں بہتری لانا، حفظانِ صحت تک رسائی بڑھانا نیز خواتین اور نوجوانوں کے لیے مواقع کو مضبوط بنانا ہے۔

 

Ads