Masarrat
Masarrat Urdu

بنگلہ دیش نے متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی

Thumb

دبئی، 8 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) شرمین اختر کی 38 رنز کی بہترین اننگز اور رابعہ خان (14 رنز کے عوض تین وکٹیں) کی شاندار گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے منگل کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 34 رنز سے شکست دے کر ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

بنگلہ دیش نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے، لیکن اس معمولی اسکور کا بھی بخوبی دفاع کرتے ہوئے یو اے ای کو نو وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز تک محدود کر دیا۔ بنگلہ دیش کی یہ دوسری کامیابی تھی اور اس نے گروپ بی میں دوسرے مقام پر رہتے ہوئے آخری چار ٹیموں میں جگہ بنالی۔ ناہیدہ اختر کو ناٹ آؤٹ 16 رنز بنانے اور دو وکٹیں لینے کی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے لیے یہ ’کرو یا مرو‘ کا مقابلہ تھا۔ ٹاس جیتنے کے بعد یو اے ای نے شاندار گیند بازی کی اور 13ویں اوور تک بنگلہ دیش کا اسکور 59 رنز پر چھ وکٹ کر دیا۔ لیکن شرمین اختر اور ناہیدہ اختر نے 42 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے بنگلہ دیش کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا اور ٹیم کو ایک قابلِ احترام اسکور تک پہنچایا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے یو اے ای کو پاور پلے میں اچھی شروعات کی ضرورت تھی، لیکن ابتدائی آٹھ اوورز میں بہت زیادہ ڈاٹ بالز نے اس پر دباؤ بڑھا دیا اور وقفے وقفے سے وکٹیں بھی گرتی رہیں۔ بنگلہ دیش نے فیلڈنگ میں بھی اپنے گیند بازوں کا بھرپور ساتھ دیا۔ شاندار کیچنگ اور چست فیلڈنگ کی بدولت وہ پورے میچ کے دوران حاوی رہے۔ یو اے ای کی جانب سے حنا ہوتچندانی نے سب سے زیادہ 18 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کے لیے یہ ایک اہم کامیابی رہی اور اس نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

 

Ads