Masarrat
Masarrat Urdu

تہران کی گوتریس کے بیان پر تنقید، سپر پاورز کے مظالم پر پردہ ڈالنے کا الزام

  • 03 Sep 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

ماسکو، 3 ستمبر (مسرت ڈاٹ کام) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ اقوام متحدہ کی سب سے بڑی خدمت سپر پاورز کے درمیان جنگ کو روکنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا موقف دراصل بڑی طاقتوں کے مظالم پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

مسٹربقائی نے فنانشل ٹائمز کو گوتریس کے دیے گئے اس بیان پر ردعمل ظاہر کیا، جس میں اقوام متحدہ کے 80 سالہ وجود کے دوران سپر پاورز کے درمیان جنگ سے بچاؤ کو تنظیم کی بڑی کامیابی قرار دیا گیا تھا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ اقوام متحدہ کے مقصد کو محض سپر پاورز کے درمیان جنگ روکنے تک محدود کرنا گمراہ کن اور خطرناک ہے۔ ان کے مطابق ایسی تشریح اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کو کمزور کرتی ہے، بیشتر رکن ممالک کو غیر اہم بنا دیتی ہے اور بڑی طاقتوں کی جانب سے دیگر ممالک کے خلاف کیے گئے مظالم پر پردہ ڈالتی ہے۔

مسٹربقائی نے مزید کہا کہ انتونیو گوتریس کی اس تشریح کے مطابق تو کوریا، ویتنام، کانگو، عراق، افغانستان، یمن، سوڈان اور غزہ میں لڑی جانے والی جنگیں اور ڈھائے جانے والے مظالم "سب اقوامِ متحدہ کی کامیابیاں شمار ہوں گی۔"

 

Ads