کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، تاہم تھائی لینڈ کی بائیں ہاتھ کی اسپنر تھیپاچا پتھاونگ نے ابتدائی اوور میں ہی دو وکٹیں لے کر پاکستان کو 7 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان سے دوچار کر دیا۔ شوال ذوالفقار اور گل فیروزہ جلد آؤٹ ہو گئیں، جبکہ عائشہ ظفر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکیں۔
منیبہ علی اور صدف شماس نے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا، لیکن بعد میں پاکستانی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ منیبہ نے نصف سنچری اسکور کی اور 54 رنز بنائے۔ ام ہانی اور طوبیٰ حسن کی آخری لمحات کی مفید اننگز کی بدولت پاکستان نے 119 رنز کا اسکور کیا۔ تھائی لینڈ کی تھیپاچا پتھاونگ نے 18 رنز دے کر تین جبکہ سلی پورن لاؤمی نے 14 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تھائی لینڈ کی ٹیم کو سعدیہ اقبال نے ابتدائی جھٹکے دیے۔ نتھاکن چنتھم اور کپتان نارومول چائیوائی نے کچھ مزاحمت کی، تاہم مطلوبہ رن ریٹ مسلسل بڑھتا گیا۔ پاکستانی اسپنروں نے تھائی لینڈ کی بلے بازی کو قابو میں رکھا اور آخرکار پاکستان نے 35 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔
یہ فتح حالیہ عرصے میں مشکلات کا سامنا کرنے والی پاکستانی ٹیم کے حوصلے بلند کرے گی، جو ہفتہ کو اپنے روایتی حریف ہندوستان کے خلاف اہم مقابلے میں میدان میں اترے گی۔
