Masarrat
Masarrat Urdu

تاشقند پہنچے مودی، صدر مرزایوف نے ہوائی اڈے پر کیا استقبال

  • 29 Aug 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

نئی دہلی، 29 اگست (مسرت ڈاٹ کام) وزیرِ اعظم نریندر مودی ازبکستان اور کرغیز جمہوریہ کے چار روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں ہفتے کی شام تاشقند پہنچے جہاں ہوائی اڈے پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے خود ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیرِ اعظم دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے صدر مرزایوف کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کریں گے۔ اس میں بنیادی طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، ڈیجیٹل رابطہ، دفاع، توانائی میں تعاون کو مزید مضبوط کرنے نیز وکست بھارت اور 'یانگی ازبکستان' کے مشترکہ نقطہء نظر کو آگے بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔

وزیرِ اعظم کا تاشقند اسٹیٹ یونیورسٹی آف اورینٹل اسٹڈیز میں شاستری یادگار اور مہاتما گاندھی سینٹر جانے کا بھی پروگرام ہے۔ وہ یانگی میں یادگاری مقام جا کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

صدر مرزایوف ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کریں گے۔

دو روزہ دورہ مکمل ہونے کے بعد مسٹر مودی دوسرے مرحلے میں کرغیز جمہوریہ کے صدر، صدیر جپاروف کی دعوت پر 26ویں ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک کا دورہ کریں گے جو اس اہم تنظیم کے 25 سال مکمل ہونے کی علامت ہے۔ ہندوستان 2017 سے ایس سی او کا سرگرم اور تعمیری رکن رہا ہے۔

مسٹر مودی نے دو ممالک کے دورے پر روانہ ہونے سے پہلے اعتماد ظاہر کیا کہ ان کے دورے سے وسطی ایشیا میں ہندوستان کی اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا، "مجھے امید ہے کہ یہ دورہ وسطی ایشیا میں ہندوستان کی اسٹریٹجک شراکت داریوں کو مضبوط کرے گا، خطے کے ساتھ ہمارے تہذیبی تعلقات کو گہرا کرے گا، اور امن، استحکام نیز خوشحالی کی ہماری مشترکہ تلاش کو آگے بڑھائے گا—یہ وہ اقدار ہیں جو دنیا کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے مرکز میں ہیں۔"

 

Ads