Masarrat
Masarrat Urdu

اے پی سی آر تلنگانہ کی جانب سے ایس آئی آر پر وکلا کا ورکشاپ، قانونی تیاری، نوٹس، اعتراضات و اپیلوں اور ریاست گیر حکمتِ عملی پر غورو خوض

Thumb

نئی دہلی، 10 اگست (مسرت ڈاٹ کام) ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) تلنگانہ نے 9 اگست 2026 کو اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے موضوع پر وکلا کی ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں وکلا، سماجی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

جاری ریلیز کے مطابق ورکشاپ میں انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے آئندہ مراحل کے دوران پیدا ہونے والے ممکنہ قانونی و عملی مسائل، شہریوں کو جاری ہونے والے نوٹس، اعتراضات، اپیلوں، ضروری دستاویزات، قانونی چارہ جوئی اور شہریوں کے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ورکشاپ کے آغاز میں ڈاکٹر محمد عثمان نے ایس آئی آر کے حوالے سے اے پی سی آر تلنگانہ کی اب تک کی سرگرمیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم کی جانب سے عوامی بیداری پروگرامس، قانونی مشاورت، وکلا کے اجلاس، رضاکاروں کی شمولیت، ضلعی سطح پر کوارڈی نیشن اور دیگر ضروری اقدامات کے ذریعے شہریوں کی معاونت کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوٹس جاری ہونے کے بعد ردعمل ظاہر کرنے کے بجائے پہلے ہی سے قانونی اور انتظامی تیاری مکمل کی جانی چاہیے، تاکہ شہری اپنے حقوق، متعلقہ طریقۂ کار اور دستیاب قانونی معاونت سے بروقت استفادہ حاصل کرسکیں۔

ایڈووکیٹ لارا جیسنی نے شہری اور آئینی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق معاملات میں اے پی سی آر کے طریقۂ کار، حکمتِ عملی اور مداخلت کے عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ایس آئی آر کے عمل کو ملک کے وسیع تر آئینی اور جمہوری تناظر میں دیکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے عام شہریوں پر مرتب ہونے والے اثرات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے فیکٹ فائنڈنگ، دستاویزات کی تیاری، قانونی معاونت، وکالت اور ضرورت پڑنے پر قانونی فورمز سے رجوع کرنے کے طریقۂ کار کی وضاحت کی۔

ایڈووکیٹ لارا جیسنی نے واضح کیا کہ ہر انفرادی معاملے کی مناسب دستاویز بندی اور متعلقہ حقائق و ریکارڈ کی بنیاد پر تیاری ضروری ہے۔ انہوں نے وکلا، سماجی کارکنوں اور سول سوسائٹی تنظیموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ زمینی سطح پر سامنے آنے والی شکایات کی بروقت نشاندہی، مناسب دستاویز بندی اور ضرورت کے مطابق انہیں متعلقہ قانونی فورمز تک پہنچایا جاسکے۔

ایڈووکیٹ رگھو ناتھ نے موجودہ حالات میں ایس آئی آر کے جواز اور ضرورت پر سوالات اٹھاتے ہوئے ملک کی موجودہ صورتِ حال، جمہوری اداروں اور عدالتی نظام کے کردار اور مؤثریت پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت اور سالمیت اپنی جگہ اہم ہے، تاہم کسی بھی انتخابی مہم کے دوران شہریوں کے آئینی اور جمہوری حقوق سے انکار یا ان میں کمی واقع نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے قانونی برادری پر زور دیا کہ وہ آئینی حقوق اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کرے، خصوصاً ایسے حالات میں جب کسی بھی اقدام سے معاشرے کے کمزور یا متاثرہ طبقات کے حقوق پر منفی اثر پڑنے کا خدشہ ہو۔

شازین صدیقی نے ایس آئی آر کے دوران شہریوں کو جاری ہونے والے ممکنہ نوٹس، ان کے جوابات، اعتراضات اور اپیلوں کے حوالے سے عملی رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے مختلف کیس اسٹڈیز اور عملی مثالوں کے ذریعے وضاحت کی کہ نوٹس موصول ہونے کی صورت میں شہریوں کو کن امور کا جائزہ لینا چاہیے، نوٹس میں درج وجوہات اور قانونی بنیادوں کو کس طرح سمجھنا ضروری ہے، کون سی معاون دستاویزات درکار ہوسکتے ہیں اور مناسب جواب کس طریقے سے تیار کیا جانا چاہیے۔

ورکشاپ کے اختتامی مرحلے میں ڈاکٹر عثمان نے ایس آئی آر کے دوران نوٹس جاری ہونے کے بعد اے پی سی آر تلنگانہ کی مجوزہ ریاست گیر حکمتِ عملی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس جاری ہونے کے بعد تنظیم ریاست بھر میں ایک مربوط قانونی اور عوامی معاونتی نظام قائم کرنے کی کوشش کرے گی، تاکہ متاثرہ شہریوں کو ضلعی اور نچلی سطح تک بروقت قانونی و عملی مدد فراہم کی جاسکے۔

اے پی سی آر تلنگانہ نے وکلا، سول سوسائٹی تنظیموں، سماجی کارکنوں اور تمام باشعور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کوشش کا حصہ بنیں اور ہر شہری کے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

 

Ads