Masarrat
Masarrat Urdu

اسرائیل سے مذاکرات کے حامیوں کو حزب اللہ کا انتباہ

  • 05 Aug 2026
  • مسرت ڈیسک
  • دنیا
Thumb

بیروت، 5 اگست (مسرت ڈاٹ کام) لبنانی شیعہ تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ اسرائیلی ایجنڈے کا حصہ بنیں گے اور مزاحمتی تحریک کے خلاف قدم اٹھائیں گے، ان کی مخالفت کی جائے گی۔

حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نعیم قاسم نے منگل کو ایک ویڈیو پیغام میں کہا، "جو لوگ اسرائیلی منصوبے میں شامل ہو کر مزاحمت، اس کے حامیوں اور ہمارے ملک کے خلاف کارروائی کریں گے، ہم ان کا اسی طرح مقابلہ کریں گے جیسے دشمن کا کرتے ہیں۔"

انہوں نے لبنان کی سیاسی قیادت سے اسرائیل کے ساتھ بات چیت میں بغیر کسی فائدے کے رعائتیں نہ دینے، حزب اللہ کے ساتھ بات چیت شروع کرنے، اندرونی اتحاد بحال کرنے اور قومی خودمختاری کو اولین ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ مسٹرقاسم نے کہا کہ حزب اللہ لیطانی ندی کے جنوب میں لبنانی فوج کی تعیناتی کی حمایت کرتی ہے، بشرطیکہ اسرائیلی فوج لبنان کے تمام علاقوں سے مکمل طور پر نکل جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک جنوبی لبنان پر حملے اور تباہی جاری رہے گی، تب تک پورے ملک میں استحکام ممکن نہیں ہے۔ لبنان اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کا نیا دور چار سے چھ اگست تک اٹلی کے دارالحکومت روم میں تجویز کیا گیا ہے۔

لبنان کے صدر جوزف عون متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ تل ابیب کے ساتھ بات چیت ہی تنازع ختم کرنے کا واحد راستہ ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ لبنان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اس کی اولین ترجیح ہے۔

 

Ads