ایئر انڈیا نے ایک بیان میں بتایا کہ تھائی لینڈ کے پھوکیت سے دہلی آ رہی پرواز اے آئی 2379 ہوا میں اچانک نیچے آ گئی۔ اس حادثے کے بعد طیارے نے معمول کے مطابق اپنی پرواز جاری رکھی اور دن میں 11:07 بجے دہلی میں محفوظ اتر گیا۔ ذرائع کے مطابق، حادثہ لینڈنگ سے کچھ وقت پہلے پیش آیا۔ اس وقت طیارہ لینڈنگ کے لیے آہستہ آہستہ نیچے اترنے کے مرحلے میں تھا۔
یہ ایئر بس کا اے 320 نیو طیارہ تھا۔ طیارے میں 137 مسافر اور عملے کے آٹھ ارکان سوار تھے۔ ان میں سے 13 مسافر اور عملے کے چار ارکان زخمی ہوئے، جنہیں جانچ کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شام 6:50 بجے تک پانچ مسافروں کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی تھی۔ دیگر زخمیوں کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو گروگرام کے میدانتا، فورٹس اور وسنت کنج میں واقع اسپائنل انجری سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔
ایئر لائنز نے بتایا کہ اس کی ٹیمیں ہسپتالوں میں موجود ہیں اور متاثرہ مسافروں نیز ان کے اہل خانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔ ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ وہ تفتیش میں مکمل تعاون کر رہی ہے اور طیارہ بنانے والی کمپنی ایئر بس کو بھی اس واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
