Masarrat
Masarrat Urdu

انڈیا یونین مسلم لیگ دہلی پردیش کی جانب سے ایس آئی آر فارم بھرنے کی مہم جاری مسلمانوں کی رہنمائی اور انتخابی فہرست میں درست اندراج کے لیے کارکنان سرگرم

Thumb

نئی دہلی، 2 اگست (مسرت ڈاٹ کام) انڈیا یونین مسلم لیگ دہلی پردیش کی جانب سے جوشی کالونی اسٹیٹ آفس میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے تحت ووٹر فہرست سے متعلق فارم بھرنے کی مہم مسلسل جاری ہے۔ اس مہم میں دہلی پردیش صدر مولانا نثار احمد نقشبندی، جنرل سیکریٹری شیخ فیصل حسن سمیت متعدد عہدیداران اور کارکنان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ کارکنان شہریوں کے ایس آئی آر فارم درست طریقے سے بھرنے، ضروری دستاویزات آن لائن ڈاؤن لوڈ کرنے اور مطلوبہ کارروائی مکمل کرانے میں رہنمائی فراہم کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی اہل شہری انتخابی فہرست میں اندراج سے محروم نہ رہے۔

اس موقع پر دہلی پردیش صدر مولانا نثار احمد نقشبندی نے کہا کہ انڈیا یونین مسلم لیگ روزِ اول سے قوم کی خدمت، آئینی حقوق کے تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ شمالی ہند میں سیاسی حالات تبدیل ہوئے ہیں، لیکن پارٹی نے کبھی اپنے نصب العین اور خدمتِ خلق کے مشن سے روگردانی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی پارٹی کو عوامی نمائندگی کا موقع ملا، وہاں اس کے منتخب نمائندوں نے عوامی مسائل کے حل، تعلیمی و سماجی ترقی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

مولانا نقشبندی نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ سے لے کر عدالتوں تک مسلم برادری سمیت تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے انڈیا یونین مسلم لیگ ہمیشہ مؤثر آواز اٹھاتی رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی فہرست کی خصوصی نظرثانی کے دوران اپنے فارم بروقت اور درست طریقے سے جمع کرائیں تاکہ ہر اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے استفادہ کر سکے۔ دہلی میں جوشی کالونی سمیت مختلف مقامات پر ایس آئی آر فارم بھرنے اور عوام کی رہنمائی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

 

Ads