Masarrat
Masarrat Urdu

وزیر اعظم مودی نے آندھرا پردیش میں 17,900 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، ریاست کو ترقی کا نیا انجن قرار دیا

Thumb

وجیا نگرم، یکم اگست (مسرت ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز آندھرا پردیش میں 17,900 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح، سنگ بنیاد اور قوم کے نام وقف کیا۔ انہوں نے ان منصوبوں کو ریاست کے بنیادی ڈھانچے، رابطہ نظام اور صنعتی ترقی کو نئی رفتار دینے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا۔

وزیر اعظم نے بھوگاپورم میں اللوری سیتا راما راجو (اے ایس آر) ہوائی اڈے کا افتتاح کرتے ہوئے اسے "علاقائی ترقی کا رن وے" اور "نوجوانوں کے روشن اور خوشحال مستقبل کی لانچنگ پیڈ" قرار دیا۔

بھوگاپورم میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے، جس میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این۔ چندرا بابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ کے۔ پون کلیان اور مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی کے۔ رام موہن نائیڈو بھی موجود تھے، مودی نے کہا کہ ہوائی اڈوں، سڑکوں، ریلوے اور توانائی سے متعلق یہ منصوبے آندھرا پردیش کو ایک اہم معاشی مرکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ "آج چھوٹے شہروں کے لوگ بھی آسانی سے ہوائی سفر کر رہے ہیں، جبکہ ماضی میں فضائی سفر صرف بڑے شہروں تک محدود تھا۔"

وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اُڑان (UDAN) اسکیم نے علاقائی فضائی رابطے کو وسعت دی ہے، جس سے معاشی طور پر کمزور طبقے کے لوگوں کے لیے بھی ہوائی سفر ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے اسکیم کے دوسرے مرحلے کا بھی ذکر کیا، جس کے لیے 29 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

مودی نے کہا کہ مرکز آندھرا پردیش کے پورے ساحلی علاقے کو کوسٹل اکنامک کوریڈور کے طور پر ترقی دے کر ملک کی بلیو اکانومی کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وشاکھاپٹنم اور کرشناپٹنم جیسے تاریخی بندرگاہوں کو جدید بنایا جا رہا ہے، جبکہ ملاپیٹا اور رامایا پٹنم میں نئی بندرگاہیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ "ہمارا اسٹریٹجک وژن اس پورے خطے کو ایک ترقی یافتہ ساحلی اقتصادی راہداری کے طور پر فروغ دینا ہے۔"

وزیر اعظم نے کہا کہ وشاکھاپٹنم-رائے پور ایکسپریس وے سمیت شاہراہوں اور ایکسپریس ویز کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ بہتر رابطہ اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست میں تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے مالیت کے ریلوے منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں مکمل ریلوے برقی کاری اور 70 سے زائد ریلوے اسٹیشنوں کی جدید کاری شامل ہے۔پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کا ذکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ سڑک، ریل، بندرگاہ اور ہوائی اڈوں کے بنیادی ڈھانچے کو ایک دوسرے سے جوڑنے سے نقل و حمل کے اخراجات کم ہوں گے، صنعتوں کو بہتر رابطہ ملے گا، کسانوں کو فائدہ پہنچے گا اور کاروبار کرنا مزید آسان ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ "جب یہ جدید لاجسٹک نیٹ ورک مکمل طور پر تیار ہو جائے گا تو صنعتوں کو بہتر رابطہ حاصل ہوگا، کسانوں کو بڑا فائدہ پہنچے گا اور کاروباری ماحول مزید بہتر ہوگا۔"

ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آندھرا پردیش اپنی مضبوط آئی ٹی صنعت کے ساتھ ساتھ مستقبل کی مینوفیکچرنگ کا بھی ایک بڑا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ "ہماری اولین ترجیح اب سیمی کنڈکٹر جیسی جدید ٹیکنالوجیز پر ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔" ان کے مطابق اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ریاست کا ٹیکنالوجی ماحولیاتی نظام مزید مضبوط ہوگا۔

مودی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیٹا سینٹرز میں سرمایہ کاری کا بھی ذکر کیا اور گوگل کے مجوزہ 15 ارب امریکی ڈالر کے کیمپس کو آندھرا پردیش میں عالمی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ثبوت قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ "مزید کئی عالمی کمپنیاں یہاں نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں، جس سے ریاست اور ملک کے نوجوانوں کو بے حد فائدہ ہوگا۔"

اپنے گزشتہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آندھرا پردیش کے اپنے آخری تین دوروں کے دوران تقریباً دو لاکھ کروڑ روپے مالیت کے منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ مرکز وشاکھاپٹنم اقتصادی خطے کو ایشیا کے نمایاں معاشی مراکز میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی ایسی سرمایہ کاری پر مبنی ہے جو روزگار پیدا کرے، مینوفیکچرنگ اور برآمدات کو فروغ دے اور عوام کی آمدنی و معیارِ زندگی میں بہتری لائے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ "جب روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں تو لوگوں کی آمدنی خود بخود بڑھتی ہے اور خاندانوں کی روزمرہ زندگی میں نمایاں بہتری آتی ہے۔"

اس موقع پر وزیر اعلیٰ این۔ چندرا بابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ کے۔ پون کلیان اور مرکزی وزیر شہری ہوا بازی کے۔ رام موہن نائیڈو نے بھی اجتماع سے خطاب کیا۔

 

Ads