Masarrat
Masarrat Urdu

انڈیا انڈر-19 ٹیم نے سری لنکا کو 211 رنوں سے شکست دی

Thumb

کولمبو، 23 جولائی (مسرت ڈاٹ کام) روہت یادو کی چار اور چگورپتی وینکٹا کی تین وکٹوں کی شاندار بولنگ کی بدولت انڈیا۔ انڈر-19 کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جمعرات کو سری لنکا انڈر-19 ٹیم کو 211 رنز سے شکست دے دی۔

سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز گزشتہ روز کے چار وکٹوں پر 155 رنز سے کیا۔ صبح کے سیشن میں 176 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان ویمت دینسارا 64 رنز بنا کر پانچویں کھلاڑی کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ انہیں پرنو رگھویندر نے پویلین بھیجا۔

اس کے بعد کاویجا گاماگے نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن 60ویں اوور کی پہلی گیند پر روہت یادو نے دولنیت سگیرا (15) کو آؤٹ کر دیا۔ اسی اوور کی چوتھی گیند پر انہوں نے جیسن فرنینڈو کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس بھیج دیا۔

72ویں اوور میں کاویجا گاماگے 36 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ 77ویں اوور کی پانچویں گیند پر جگناتھن ہیمچودیشن نے سیتھمیکا سینیوراتنے کو 42 رنز پر آؤٹ کر دیا، جس کے ساتھ ہی سری لنکا کی پوری ٹیم 260 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ہندستان نے میچ 211 رنز سے جیت لیا۔

ہندستان کی جانب سے روہت یادو نے چار، چگورپتی وینکٹا نے تین، جبکہ جگناتھن ہیمچودیشن، پرنو رگھویندر اور یش بردھن چوہان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مختصر اسکور:

انڈیا انڈر-19: پہلی اننگز 411 رنز، دوسری اننگز 3 وکٹوں پر 208 رنز (ڈکلیئر)

سری لنکا انڈر-19: پہلی اننگز 148 رنز، دوسری اننگز 260 رنز

انڈیا انڈر-19 نے یہ میچ 211 رنز سے اپنے نام کر لیا

 

Ads